نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کیجریوال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہلی میں آئندہ اسمبلی انتخاب میں کیجریوال کو شکست کا اتنا خوف ہے کہ روزانہ خواتین، بوڑھوں، نوجوانوں اور غریبوں کے لیے نئے نئے انتخابی اعلانات کر رہے ہیں۔ ان انتخابی اعلانات کے ذریعہ وہ دہلی کی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کیجریوال کی جانب سے 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے اعلان کردہ ’سنجیونی یوجنا‘ کو بوڑھے لوگوں کے جذبات سے کھلواڑ بتایا ہے۔ انہوں نے اس اسکیم کو محض ایک سیاسی چال قرار دیا ہے۔ دیویندر یادو کے مطابق کیجریوال کو چاہیے تھا کہ پرانی پنشن اسکیم کو بہتر کریں نہ کہ کوئی نئی اسکیم کا اعلان کر کے عوام کو دھوکہ دیں۔ ساتھ ہی دیویندر یادو نے کہا کہ ’’خواتین کو ماہانہ 2100 روپے کی گرانٹ رقم دینے کا اعلان کیا تھا جس کے رجسٹریشن کے 3-2 روز گزرنے کے بعد بھی کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔‘‘