مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ پارلیمنٹ میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے حوالے سے کیے گئے تبصرہ کے بعد ملک میں ایک بھونچال سا آ گیا ہے۔ خاص طور سے اپوزیشن لیڈران نے ان کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ اسی ضمن میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی امت شاہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ پر سخت ترین حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آئین کے متعلق پارلیمنٹ میں بحث ہوئی لیکن گزشتہ کل امت شاہ نے بابا صاحب کے حوالے سے بہت ہی افسوسناک بات کہی ہے۔ بابا صاحب سبھی کے لیے محترم ہیں اور امت شاہ نے ان کی بے عزتی کی ہے۔ بی جے پی آئین کو نہیں مانتی ہے، یہ لوگ منوسمرتی کی بات کرتے ہیں، یہی ان کی ذہنیت ہے۔‘‘