Site icon اردو

سعودی عرب فٹبال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کرے گا


فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو مل گئی،ورلڈ کپ 2030 کی میزبانی اسپین، پرتگال اور مراکش مشترکہ طور پر کریں گے، فیفا کے صدر نے باضابطہ اعلان کردیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے پر سعودی فرمانروا کو مبارکباد دی ہے۔ 

دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹبال کی گورننگ باڈی انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹبال ( فیفا ) نے 2030 اور 2034  کے فٹبال ورلڈ کپ کے میزبان ممالک کے ناموں کا اعلان کردیا۔ 

 فیفا کے صدر نے 2034 کے ورلڈ کپ کی میزبانی سعودی عرب کو دینے کا اعلان کیا، جبکہ ورلڈ کپ 2030 کے میزبان ممالک کے طور پراسپین، پرتگال اور مراکش کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ واضح رہے کہ  سعودیہ ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا واحد امیدوار تھا۔

فیفا کے زیورخ میں ہونے والے غیرمعمولی جنرل اسمبلی اجلاس میں دو ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے ممالک کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔  ریاض میں درعیہ اور بلیو ارڈ سٹی میں ورلڈ کپ کی میزبانی کا اعلان سننے کےلیے بڑی اسکرینیں نصب تھیں جہاں ہزاروں افراد اس تاریخی لمحے کے منتظر رہے۔

2022 میں قطر ورلڈ کپ کے بعد سعودی عرب ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والا مشرق وسطیٰ کا دوسرا ملک ہوگا۔ سعودی عرب میزبانی کے اعلان کے تاریخی لمحے کا منتظر تھا اور دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔

فیفا کے صدر جیانی انفینٹینونے کہا کہ دنیا تنازعات اور جنگوں سے گزر رہی ہے لیکن صرف فٹبال ہی لوگوں کو اکٹھا کرسکتی ہے۔

 انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ورلڈ کپ 2034 شاندار ہو گا اور تمام فیڈریشنز کے اتفاق رائے پرخوشی ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ اسپورٹس کا سب سے بڑا ایونٹ اور تمام لوگوں کے لیے بڑے جشن کا موقع ہے۔    
 

وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو فٹبال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی  حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ایکس پر اپنے پیغام میں  شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں اپنے بھائی  ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عرب کو فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے حقوق حاصل کرنے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاریخی کامیابی عالمی اسپورٹس میں سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ  اور ویژن 2030  سے ان کے عہد کو ظاہر کرتی ہے۔ 

 





Source link

Exit mobile version