نئی دہلی: جوں جوں دہلی اسمبلی انتخاب 2025 قریب آتا جا رہا ہے، استعفوں کا دور بھی شروع ہو گیا ہے۔ ایک پارٹی سے استعفیٰ دینے اور دوسری پارٹی میں شامل ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کی شام سیلم پور اسمبلی حلقہ سے عآپ رکن اسمبلی عبدالرحمن نے پارٹی کی پالیسی سے ناراض ہو کر پارٹی استعفیٰ کا اعلان کر دیا، اور پھر کچھ گھنٹوں بعد کانگریس میں شمولیت بھی اختیار کر لی۔ عبدالرحمن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے استعفیٰ کے تعلق سے لکھا کہ ’’آج میں عام آدمی پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ پارٹی نے اقتدار حاصل کرنے کی سیاست میں الجھا کر مسلمانوں کے حقوق کو نظر انداز کیا۔ اروند کیجریوال نے ہمیشہ عوام کے مسائل سے بھاگ کر اپنے مفاد کی سیاست کی۔ میں انصاف اور حق کی لڑائی لڑتا رہوں گا۔‘‘