Site icon اردو

جب بھی ملک ترقی کرنے لگتا ہے سیاسی افراتفری پیدا کی جاتی ہے، وفاقی وزیر قیصراحمد شیخ



فیصل آباد:

وفاقی وزیرمیری ٹائم افیئرز قیصر احمد شیخ نے سیاسی استحکام کے لیے بات چیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی ملک ترقی کرنے لگتا ہے تو سیاسی افرا تفری پیدا کردی جاتی ہے۔

سرکاری خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فاسٹ یونیورسٹی چنیوٹ اور فیصل آباد کیمپس کے کانووکیشن کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے بات چیت کا راستہ اپنانا چاہیے، جمہوریت میں پرتشدد سیاست کی گنجائش نہیں ہوتی اور نہ ہی پرتشدد احتجاج سیاسی جماعتوں کا راستہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں پرامن احتجاج کرنا ہر شخص اور جماعت کا حق ہے لیکن اس سے معمولات زندگی متاثر یا ملکی نظام درہم برہم نہیں ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا لہٰذا سب کو دودو قدم پیچھے ہونا چاہیے تاکہ سیاسی ماحول بہتراور ملک میں معاشی استحکام ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ جب بھی ملک ترقی کرنے لگتا ہے تو سیاسی افراتفری پیدا کردی جاتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس بھی اس وقت ترقی کے بہت بڑے اورشان دار مواقع ہیں حتیٰ کہ پاکستان خطے کی راہداری اور معیشت کا مرکز ہے جس سے ہمیں استفادہ کرنا چاہیے۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی زبوں حالی کا سبب سیاسی تفرقہ بازی ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرزافہام و تفہیم کا راستہ اپنائیں تاکہ ملک کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کرناممکن ہوسکے۔





Source link

Exit mobile version