Site icon اردو

لاہور میں زیر حراست خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک



لاہور:

آرگنائزڈکرائم یونٹ سٹی ڈویژن اور ڈاکوؤں کے درمیان  فائرنگ کے تبادلہ میں انتہائی خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا،اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ سٹی ڈویژن دانش رانجھا کے مطابق آرگنائزڈکرائم یونٹ سٹی ڈویژن اور ڈاکوؤں کے درمیان لوئر مال کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلہ میں ڈاکو عدیل مسیح اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم زیر حراست ملزم  کو برآمدگی کے لئے لے لوئر مال سگیاں پل لے جارہی تھی کہ زیر حراست ملزم کے نامعلوم ملزمان نے اپنےساتھی کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

ملزم کے ساتھیوں کی فائرنگ سے عدیل مسیح  شدید زخمی ہوگیا تھا جس کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

انسپکٹر ذوالقرنین کے مطابق ہلاک ملزم پولیس مقابلے، قتل،ڈکیتی، ناجائز اسلحہ جیسی خطرناک درجنوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا، ہلاک ہونے والا ملزم ضلع قصور، اوکاڑہ، لاہور سمیت دیگر اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھا۔

 نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے میں منتقل کردیا،ڈی آئی جی آرگنائز کرائم یونٹ لاہور عمران کشور نے ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ سٹی ڈویژن دانش رانجھا،انسپکٹر  ذوالقرنین اور دیگر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے۔

ڈی آئی جی آرگنائز کرائم یونٹ لاہور عمران کشور کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آرگنائزڈکرائم یونٹ لاہور کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔





Source link

Exit mobile version