دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کی طرف سے صحت منصوبہ کے توسط سے مالی مدد منظور نہیں کیے جانے کے دہلی حکومت کے رویہ پر سخت حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو چیف جسٹس منموہن اور جسٹس تشار راؤ گیڈیلا کی بنچ نے کہا کہ یہ عجیب ہے کہ دہلی حکومت مرکز کی مدد قبول نہیں کر رہی ہے جبکہ اس کے پاس اپنے ہیلتھ کیئر سسٹم کے لیے کوئی پیسہ نہیں ہے۔
عدالت نے ریاستی حکومت سے کہا کہ آپ کی رائے میں فرق ہو سکتا ہے لیکن اس معاملے میں آپ مدد لینے سے کیوں انکار کر رہے ہیں؟ آپ کی کوئی بھی مشین کام نہیں کر رہی ہے۔ اسپتالوں میں مشینوں کو کام کرنا ہوگا لیکن حقیقت میں آپ کے پاس انہیں چلانے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ چیف جسٹس منموہن نے کہا کہ آپ شہریوں کے لیے 5 لاکھ روپے لینے سے انکار کر رہے ہیں، میں حیران ہوں۔