بیروت: لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اگر لبنان میں شہریوں پر بمباری کر تا رہا تو پھر اسرائیل کے اندر نئے اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا کہ لبنان میں حالیہ دنوں کے دوران عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
سرکاری میڈیا اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق منگل کو اسرائیل کی جانب سے کیے گئے ایک حملے میں 3 بچوں سمیت 5 شامی باشندے شہید ہوئے تھے اور اس سے ایک روز قبل 3 لبنانی مارے گئے تھے۔
اسرائیل کا مؤقف ہے کہ وہ لبنان میں حزب اللہ کے جنگجوؤں اور ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور شہریوں کو ٹارگٹ نہیں کیا جاتا۔
حسن نصراللہ نے عاشورہ کےموقع پر ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو مزاحمت کے لیے ان آبادیوں کو نشانہ بنایا جائے گا جو اس سے پہلے نشانہ نہیں بنی تھیں۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ بھی ایک دوسرے کے خلاف تلخ بیانات دے رہے ہیں اور حزب اللہ نے حماس سمیت فلسطینی مزاحمت کاروں کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان میں اس دوران اسرائیل کے حملوں میں 100 سے زائد عام شہری مارے گئے ہیں حزب اللہ کے 300 سے زائد جنگجو بھی نشانہ بنے ہیں اور سرحد پر 2006 کی اسرائیل-لبنان جنگ کے بعد ایسی خطرناک صورت حال نہیں دیکھی گئی۔
حسن نصراللہ کے خطاب کے دوران عاشورہ کے جلوس میں شریک ہزاروں افراد نے حزب اللہ کے شہید جنگجووں کی تصاویر اٹھائے ہوئے تھے اور جلوس کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے حزب اللہ کے ہزاروں کارکنوں کو چیک پوائنٹس پر تعینات کیا گیا تھا اور جدید اسلحے لیس ہو کر مختلف مقامات پر سیکیورٹی کی خدمات انجام دے رہے تھے۔