Site icon اردو

پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعظم

پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعظم

[ad_1]


اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد میں بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندہ کرسٹوفر ایلیاس، عالمی ادارۂ صحت کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی ، یونیسیف روزا کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسیکارا ، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریا فرسٹڈٹ، روٹری فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی و نیشنل چئیر عزیز میمن،  کنگ سلمان ہیومینیٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے ڈاکٹر زیاد میمش اور کے ایس ریلیف  کے ہیلتھ و انوائرمنٹل ایڈوائزر ڈاکٹر عبداللہ صالح شامل تھے۔

وزیراعظم نے پاکستان آمد اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت پاکستان کا ساتھ دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کنگ سلمان فاؤنڈیشن، بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن، روٹری فاؤنڈیشن ، یونیسیف اور سی ڈی سی انسداد پولیو مہم میں حکومت پاکستان کے ساتھ شریک اور بھرپور معاونت کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام تنظیموں کا کردار انسداد پولیو مہم میں عالمی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے، ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وفاق اور تمام صوبے مل کر انسداد پولیو کے خلاف اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام وزرائے اعلیٰ و چیف سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف کی جبکہ وفد نے انسداد پولیو کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

بل اینڈ میلینڈا گیٹس کے نمائندے ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس نے کہا کہ پاکستان کی انسداد پولیو کی موجودہ حکمت عملی پر  بہتر طریقے سے عملدرآمد ہو رہا ہے جس کے نتائج میکرو سطح پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں، جلد ہی پولیو کیسز میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ حنان بلخی نے کہا کہ صحت عامہ کے حوالے سے خطے کے ممالک کو روابط بہتر کرنے اور اس حوالے سے ڈائیلاگ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

وفد کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حال ہی میں ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران وزارت قومی صحت اور انسداد پولیو پروگرام سے متعلقہ افسران نے پولیو سے متاثرہ دور دراز علاقوں کا دورہ کیا اور پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جن بچوں میں پولیو کی تشخیص ہوئی ہے ان کی نگہداشت کی جا رہی ہے، ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے۔

ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
 



[ad_2]

Source link

Exit mobile version