Site icon اردو

عمران خان کی صحت سے متعلق تشویشناک خبریں موصول ہو رہی ہیں، مشیر اطلاعات پختونخوا


 پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش ناک خبریں موصول ہو رہی ہیں۔

عمران خان کے ساتھ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویشناک خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کی وجہ سے کارکنان میں انتہائی تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ حراست میں لیے گئے شخص کے ساتھ ملاقاتوں پر پابندی لگائی گئی۔ہمارے ریسکیو اور پولیس اہلکاروں کو بھی غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا جا رہا ہے۔ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ غیر قانونی طور پر حراست میں سرکاری اہلکاروں اور پی ٹی آئی ورکرز پر تشدد کیا جا رہا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ تشدد کی تصدیق کے بعد ذمے اہلکاروں کو نشان عبرت بنائیں گے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی اراکین ملک لیاقت اور انور زیب خان کو بھی غیر قانونی طور پر پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔ صوبائی کابینہ کے رکن ملک لیاقت کو بھی غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔شریف خاندان کی ناجائز حکومت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں بھی توڑ پھوڑ کی ہے۔اس قسم کے اقدامات ناقابل برداشت اور فیڈریشن پر حملہ ہے۔غیر قانونی طور پر اختیارات کے استعمال کے مرتکب اہل کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے صوبے سے تعلق رکھنے والوں پر تشدد کیا جائے گا تو ہم بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ ہم ریاستی جبر کے خلاف تمام قانونی اور سیاسی پلیٹ فارمز پر لڑیں گے۔





Source link

Exit mobile version