Site icon اردو

پختونخوا حکومت کا پی ٹی آئی احتجاج کی راہ میں رکاوٹوں کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ


 پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے پی ٹی آئی کے راولپنڈی احتجاج کی راہ میں رکاوٹوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے راولپنڈی احتجاج کے لیے خیبرپختونخوا سے جانے والے قافلوں کے راستوں کی بندش کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے راستوں میں رکاوٹوں اور پرامن مظاہرین پر شیلنگ کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل سے رائے طلب کی تھی ۔

خیبرپختونخوا حکومت کی ایڈووکیٹ جنرل کے پی شاہ فیصل سے مشاورت مکمل ہو گئی ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ صوبے کے منتخب وزیر اعلیٰ اور عوام کو روکنا آئین کے آرٹیکل 15 کی خلاف ورزی ہے۔ راستے بند کرنے اور شیلنگ پر علیحدہ کیسز ہوسکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ایف آئی آر ز درج ہوسکتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش اور شیلنگ کے خلاف مقدمات کے لیے وزیراعلیٰ پختونخوا پارٹی لیڈرشپ سے مشاورت بھی کریں گے، جس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔





Source link

Exit mobile version