تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے صحافی کے طور پر عوامی نمائندوں کے خلاف قابل اعتراض مواد پوسٹ کرنے والوں کو آج سخت تنبیہ کرتے ہوئے کارروائی کی وارننگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی ہوگی اور انھیں عوامی طور پر شرمسار کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی یہ ناراضگی اسمبلی میں ظاہر کی اور کہا کہ تنقید قابل قبول ہے، لیکن کسی کے گھر والوں کو نشانہ بنانا غیر مناسب ہے۔ ریونت ریڈی نے حال ہی میں 2 خاتون صحافیوں کی گرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور ان کے اہل خانہ کے خلاف سوشل میڈیا پر نازیبا تبصرے کیے جا رہے ہیں، جو نامناسب ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے سوال کیا کہ ’’ہم عوامی زندگی میں ہیں، لیکن ہمارے اہل خانہ کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟‘‘ علاوہ ازیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک صحافت کی آڑ میں توہین آمیز مواد پھیلانے کا رجحان بند نہیں ہوگا، تب تک وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔