نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس خواتین کی ترقی، فلاح و بہبود اور ان کی عزت و وقار کے لیے پُرعزم ہے۔ جن ریاستوں میں کانگریس کی حکومتیں ہیں وہاں انتخاب کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں کو وقت مقررہ پر پورا کر کے ان ریاستوں کی عوام کو بااختیار اور مضبوط بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ کانگریس کی تلنگانہ حکومت نے خواتین صنعت کاروں کو بااختیار بنانے کے لیے 25000 کروڑ روپے کا بلا سود قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔ وہیں ملک کی جن ریاستوں میں بی جے پی حکومت میں ہے، وہاں یا تو بی جے پی نے اپنے انتخابی وعدوں کو نافذ نہیں کیا یا اگر کیا بھی تو جزوی طور پر کیا۔ اب یہی حالت دہلی کی ہے جہاں انتخاب سے قبل مودی کی گارنٹیوں کا اعلان تو کیا گیا تھا لیکن ان کو نافذ کرنے کی سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔