ملک بھر میں آج ہولی کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ سبھی ریاستوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ حالانکہ کچھ مقامات سے کشیدگی کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ اس درمیان شیوسینا یو بی ٹی لیڈر سنجے راؤت نے بی جے پی پر کند ذہنی کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’ہولی ایک ایسا تہوار ہے جس میں سبھی مل کر رنگ کھیلتے ہیں، خوشی اور غم بانٹا کرتے ہیں۔ لیکن آج ملک اور مہاراشٹر میں کیا ہو رہا ہے؟ کہیں مسجدوں کو ڈھانپنے کی نوبت آ رہی ہے، کہیں ایک طرف نماز پڑھی جا رہی ہے اور دوسری طرف لوگ ہولی کھیل رہے ہیں۔ خیر، یہ بھی دن گزر جائیں گے۔‘‘