نئی دہلی: دہلی کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے دہلی کی نومنتخب بی جے پی حکومت پر آج ایک بار پھر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے بعد بی جے پی صرف تقاریب اور پروگرام منعقد کر کے عوام سے کیے گئے وعدوں سے بھاگ رہی ہے۔ بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کے ذریعہ پہلے جمنا کی گندگی صاف کو نہ کر کے جمنا میں سونیا وہار سے جگت پور تک 6 کلومیٹر تک کروز چلانے کی منصوبہ بندی کرنا، واضح طور پر غلط سمت میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ حکومت کو دہلی کی لائف لائن جمنا کو پہلے صفائی کر کے دہلی کے لوگوں کو کافی مقدار میں پینے کا پانی فراہم کرنا چاہیے۔ یہی نہیں حکومت کو جمنا میں گر رہے دہلی کے نالوں سے گندے اور آلودہ پانی پر بھی دھیان دینا چاہیے۔