Site icon اردو

پنجاب کابینہ نے چیف منسٹر روشن گھرانہ اور اپنا گھر اپنی چھت پروگرام کی منظوری دے دی


مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس (تصویر اسکرین گریپ)

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئندہ دو ماہ کیلیے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کیلیے بڑا پروجیکٹ لانے کا اعلان کردیا جبکہ صوبائی کابینہ نے چیف منسٹر روشن گھرانہ اسکیم اور اپنا گھر اپنی چھت پروگرام کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 13واں اجلاس ہوا جس میں عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے جبکہ کابینہ نے چیف منسٹر روشن گھرانہ ، اپنا گھر اپنی چھت کے پروگرام کی منظوری دے دی۔

صوبائی کابینہ نے ”اپنا گھر ……اپنی چھت“ کے ماڈل گھر کی منظوری دی، جس کے تحت شہر میں 5 مرلے اور دیہات میں 10مرلے تک پلاٹ پرگھر بنانے کیلئے شہریوں کو حکومت 15لاکھ روپے فراہم کرے گی جبکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قرض لینے والوں سے تین ماہ تک کوئی قسط نہیں لی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں دسمبر تک پنجاب میں اسپیڈو کے بعد الیکٹرو بسیں چلانے کی منظوری جبکہ بھکی، بلوکی اور قائداعظم سولر پارک سے ڈائریکٹ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے انڈسٹریل پارک کوسستی بجلی فراہم کرنے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب بھر میں 100یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ صارفین کو سولر ہوم سیلوشن فراہم کرنے کی منظور دی گئی جبکہ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ دو ماہ میں عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے ایک اور بہت بڑا پراجیکٹ لارہے ہیں۔

صوبائی کابینہ نے 8 ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں کو ریونیو سروسز کیلئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترمیم، پنجاب گورنمنٹ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی، راولپنڈی سے مری تک ٹورسٹ گلاس ٹرین کی فزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری بھی دی۔

اس کے علاوہ انڈسٹریز کو براہ راست بجلی کی فراہمی کیلئے پنجاب گرڈ کمپنی کے قیام، لاہور میں الیکٹرو بسیں چلانے کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی جس کے تحت 27 بسیں دسمبر تک آجائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مری کی سیاحتی ترقی کے لئے گلاس ٹرین میرا خواب ہے، یہ صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پاکستان کا اپنی طرز کا پہلا منفرد پراجیکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 ممالک میں اورسیز پاکستانیوں کو لینڈ رجسٹریشن اور اہم دستاویزات کی سروس فراہم کی جائے گی۔





Source link

Exit mobile version