اسلام آباد: پاسپورٹ بحران پر قابو پانے کیلیے حکام نے اہم فیصلے کرلیے ہیں جس کے تحت نئی اور جدید مشینیں خریدی جائیں گی۔
ایکپسیریس نیوز کے مطابق پاسپورٹ حکام نے بحران پر قابو پانے اور شہریوں کو بروقت پاسپورٹ فراہم کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کر لیے ہیں۔
بحران پر قابو پانے کیلیے پاسپورٹ حکام نے نئے 20 لیمینیٹرز اور 20 پرنٹرز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 5 جدید آر ایم پی اور 2 ای پاسپورٹ پرنٹرز بھی خریدے جائیں گے۔
نئے پرنٹرز اور لیمینیٹرز کی مدد سے 1 گھنٹے میں 1 ہزار پاسپورٹس پرنٹ کیے جاسکیں گے جس سے عوام کو پاسپورٹ کے حصول کے لئے درپیش مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق جدید پرنٹرز اور لیمینیٹرز کی خریداری سے پرنٹنگ صلاحیت یومیہ 22 ہزار سے یومیہ 55 ہزار تک ہوجائے گی۔ پاسپورٹ حکام نے آئندہ 6 ماہ کے لیے لیمینیشن پیپرز کا اسٹاک بھی منگوا لیا ہے جبکہ نئے پرںٹرز منگوانے کے فیصلے سے ستمبر کے آخری ہفتے سے بیک لاک ختم ہونا شروع ہوسکے گا۔
پرنٹنگ صلاحیت بہتر بنانے کے لیے سال میں دو بار پرنٹرز خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاسپورٹ آفس میں پراسیسنگ سپیڈ بڑھانے کے لیے نیا ڈیٹا بیس بھی بنایا جائے گا۔
نئے ڈیٹا بیس کی مدد سے نادرا سمیت دیگر اداروں سے ڈیٹا فوری ویریفائی کیا جاسکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ آفس کی بلڈنگ کی تعزین و آرائش کا کام بھی جاری ہے۔