دہلی اسمبلی انتخاب میں کانگریس عوام کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ آج تو پارٹی نے 500 روپے میں رسوئی گیس سلنڈر، 300 یونٹ مفت بجلی اور ہر مہینے راشن کٹ دینے کا وعدہ بھی کیا، جس سے عآپ اور بی جے پی دونوں خیمہ میں ہلچل لازمی ہے۔ اس سے قبل کانگریس نے ’پیاری دیدی یوجنا‘، ’جیون رکشا یوجنا‘ اور ’یوا اُڑان یوجنا‘ کا اعلان کیا تھا، یعنی کانگریس عوام کے ہر مسئلہ کا حل اپنے منصوبوں کے ذریعہ سامنے لے کر آ گئی ہے۔ آج جب کانگریس نے ’مفت بجلی یوجنا‘ اور ’مہنگائی مکتی یوجنا‘ کا اعلان کیا تو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے پی ایم مودی اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر زوردار انداز میں حملہ کیا۔