دہلی اسمبلی انتخاب کی تیاریوں میں مصروف عام آدمی پارٹی کے لیے ایک بُری خبر نکل کر سامنے آ رہی ہے۔ دہلی کے سابق وزیر صحت اور عآپ کے سینئر لیڈر ستیندر جین کے خلاف آمدنی سے زیادہ اثاثہ جمع کرنے کے معاملے میں مقدمہ چلانے کے لیے سی بی آئی کو منظوری مل گئی ہے۔ سی بی آئی نے الزام لگایا ہے کہ ستیندر جین نے سرکاری ملازم کے طور پر کام کرتے ہوئے 14 فروری 2015 سے 31 مئی 2017 کے درمیان تقریباً 1.62 کروڑ روپے کی آمدنی سے غیر متناسب اثاثے جمع کیے ہیں۔ واضح ہو کہ ستیندر جین کے خلاف سی بی آئی نے 4 جنوری کو ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کیا تھا۔ راؤز ایونیو کورٹ نے اس معاملے کو غور کے لیے درج کر لیا ہے۔