اے ٹی ایس کی ٹیم نے گروگرام میں 6 لوگوں کو حراست میں لیا تھا، ان میں سے ایک ہوٹل کی تیسری منزل سے کود گیا اور اس کی موت ہو گئی تھی، اس معاملہ میں اے ٹی ایس ٹیم کے خلاف کیس بھی درج کر لیا گیا ہے۔
اے ٹی ایس، علامتی تصویر
اے ٹی ایس، علامتی تصویر
اے ٹی ایس، علامتی تصویر
اے ٹی ایس، علامتی تصویر
مدھیہ پردیش میں اے ٹی ایس کے 9 افسران کو ایک معاملے میں معطل کرنے کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔ معاملہ ایک ملزم کے حراست سے بھاگنے کے دوران موت سے جڑا ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مدھیہ پردیش اے ٹی ایس کی حراست سے بھاگ رہے ایک نوجوان کی تیسری منزل سے گر کر موت ہو گئی تھی۔ اس معاملے میں اس ٹیم کے 9 اراکین کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اے ڈی جی انٹلیجنس یوگیش دیشمکھ کی ہدایت پر معطلی کی یہ کارروائی کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اے ٹی ایس ٹیم خفیہ جانکاری ملنے کے بعد ٹیرر فنڈنگ اور سائبر فراڈ کے معاملے میں پوچھ تاچھ کرنے گروگرام پہنچی تھی۔ وہاں سے اس نے 6 لوگوں کو حراست میں لیا تھا۔ ان میں سے ایک ہوٹل کی تیسری منزل سے کود گیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ اسی کوشش میں نوجوان کی موت ہو گئی تھی۔ اس معاملے میں اے ٹی ایس ٹیم کے خلاف گروگرام میں کیس بھی درج کر لیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اے ٹی ایس افسران کو گروگرام میں دھنیلا گاؤں کے پاس ایک سوسائٹی سے ٹیرر فنڈنگ سے جڑے سائبر کرائم کے بارے میں جانکاری ملی تھی۔ ایک مہم چلا کر پولیس نے 6 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ ان کو پکڑنے کے بعد ایک ہوٹل میں پوچھ تاچھ کی جا رہی تھی۔ اسی دوران ایک نوجوان نے بیت الخلا جانے کی بات کہی اور پھر باہر بالکنی کے پاس چلا گیا۔ یہاں سے اس نے بھاگنے کے لیے چھلانگ لگا دی اور پھسل گیا۔ اونچائی زیادہ ہونے کے سبب وہ بری طرح زخمی ہو گیا۔ اے ٹی ایس ٹیم اسے فوراً اسپتال لے گئی جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اس حادثہ کے بعد نوجوان کی فیملی کی طرف سے اے ٹی ایس ٹیم پر کئی سنگین الزامات عائد کیے جا رہے تھے۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کو قصداً تیسری منزل سے نیچے دھکیلا گیا ہے جس سے اس کی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی گھر والوں نے سوال کھڑا کیا ہے کہ آخر اسے ہوٹل میں ہی کیوں رکھا گیا تھا۔ بڑھتے ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے اے ٹی ایس ٹیم کے اراکین کے خلاف گروگرام میں کیس درج کیا گیا ہے۔