چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں صحافی مکیش چندراکر کے قتل کے بعد سیاسی ماحول کافی گرم ہو چکا ہے۔ سیاسی پارٹیاں اور سیاسی لیڈران اس معاملے میں اپنے سخت رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ دریں اثنا وائناڈ سے کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی کا بھی اس حوالے سے بیان سامنے آیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بستر میں چھتیس گڑھ کے صحافی مکیش چندراکر کے قتل کی خبر چونکانے والی ہے۔ خبروں کے مطابق مکیش نے اپنی رپورٹ میں بدعنوانی کا خلاصہ کیا تھا جس کے بعد ان کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ ریاستی حکومت سے میرا مطالبہ ہے کہ اس معاملے میں سخت اور فوری کارروائی کی جائے، قصورواروں کو سخت سزا دی جائے اور متوفی کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ اور ملازمت دینے پر غور کیا جائے۔ عاجزانہ خراج تحسین۔‘‘