Site icon اردو

کُرم امن معاہدے پر تمام ارکان کے دستخط، پہلا قافلہ کل روانہ ہوگا


یکم جنوری کو طے پانے والے کُرم امن معاہدے پر باقی 6 ارکان نے بھی دستخط کردیے جبکہ امن معاہدے کے تحت پہلا قافلہ کل پارا چنار روانہ کرنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئیں۔ کرم امن معاہدے کے تحت امن کمیٹیاں بھی قائم کردی گئی ہیں جن میں مقامی افراد، قبائلی اورسیاسی قیادت شامل ہے انہی امن کمیٹیوں کی ضمانت پر اشیائے خوردنوش اور سامان پرمشتمل گاڑیوں کاقافلہ پارا چنار روانہ ہوگا۔

سرکاری ذرائع نے بتایاکہ کرم کی مقامی امن کمیٹی میں سابق ایم این اے پیر حیدر علی شاہ، فیض اللہ اور حسین علی شاہ سمیت 27 ارکان جبکہ اپر کرم سے سابق سینیٹر سجاد حسین طوری اور ایم پی اے علی ہادی سمیت 48 ارکان شامل ہیں۔

اُدھر یکم جنوری کو طے پانے والے کُرم امن معاہدے پر باقی چھ ارکان نے بھی دستخط کردیے۔

ذرائع کے مطابق 80 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کل صبح 10 بجے ٹل سے پارا چنار روانہ ہوگا جس کے بعد آئندہ چند روزمیں مسافر گاڑیوں کو بھی کانوائے کی صورت میں لے جانے کا امکان ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ قافلے میں کھانے پینے کی اشیا اور ادویات بھی شامل ہوں گی، قافلہ علی زئی، بگن ، پارا چنار سمیت کرم کے مختلف علاقوں کو جائے گا ، کھانے پینے کی اشیا علی زئی، بگن ، پارا چناراور کرم کے دیگرعلاقوں میں پہنچائی جائیں گی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق قافلے کی حفاظت پولیس کرے گی اور کسی ہنگامی صورتحال میں دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت موجود ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کرم میں امن کیلئے گرینڈ جرگے میں فریقین نے دستخط کیے تھے اور امن معاہدے کے تحت مختلف مراحل میں مقامی افراد نے پندرہ دن میں اسلحہ ریاست کوجمع کرانے کا وعدہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ علاقے میں بنکرز کا خاتمہ بھی ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔




Source link

Exit mobile version