Site icon اردو

پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات؛ بڑے مطالبات سامنے آگئے


پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں تحریک انصاف نے عمران خان سمیت تمام قیدیوں کی رہائی، نو مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبات پیش کردیے، پی ٹی آئی نے مزید مشاورت کیلئے وقت بھی مانگا، مزید مذاکرات اگلے ہفتے ہوں گے۔

پی ٹی آئی کا وفد مذاکرات کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا، عمر ایوب، علامہ راجہ ناصرعباس، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجا وفد میں شامل تھے کچھ دیر بعد علی امین گنڈاپور بھی پہنچے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی، دیگر شرکا میں اسحاق ڈار، علیم خان، فاروق ستار، عرفان صدیقی، رانا ثنااللہ، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، عرفان صدیقی، فاروق ستار، اعجاز الحق، خالد مگسی شریک تھے۔

اجلاس کے آٓغاز پر اسپیکر نے شرکاء کا خیر مقدم کیا اور افتتاحی کلمات میں کہا کہ آج ہماری مذاکراتی کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہے، پہلی کمیٹی میں ہمارے کچھ ساتھی موجود نہیں تھے، پہلی مذاکراتی کمیٹی بہت اچھے اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی تھی، پہلی کمیٹی کے اجلاس میں زیر بحث آنے والے امور پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ میرا کردار بطور ایک سہولت کار ہے، امید کرتا ہوں کہ مذاکراتی کمیٹی میں شریک فریقین مذاکرات کو مثبت انداز میں چلائیں گے، میری کوشش ہے کہ ملک کو درپیش دہشت گردی، معیشت سمیت دیگر اہم ایشوز کو بھی اسی کمیٹی میں زیر غور لایا جائے، ہم سب پاکستانی ہیں، پاکستان کے مسائل کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں جو چیزیں ڈسکس ہوئیں ان ان میں سے کئی پر عمل درآمد ہوا، پاکستان کو درپیش چیلنجز کو مذاکراتی کمیٹی کے عمل کا حصہ بنایا جائے گا، ہم سب پاکستانی ہیں اور ہمارے لیے پاکستان کی اہمیت ہی سب سے زیادہ ہے، دہشت گردی اور معاشی صورتحال سے متعلق جو مسائل ہیں ان کو بھی ڈسکس کیا جائے گا ان تمام مسائل کے حل کے لئے راستے بھی نکالے جائیں گے۔

ایاز صادق نے کہا کہ آج مذاکرات کے دوسرے دور میں سلسلہ وہیں سے شروع کیا گیا جہاں ختم ہوا تھا، اپوزیشن کے دوستوں نے گفتگو میں کچھ ڈیمانڈ کا ذکر کیا ہے، حتمی چارٹر آف ڈیمانڈ کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں کو پارٹی قیادت سے مزید ملاقات کی ضرورت ہے، مذاکراتی کمیٹی کا اگلا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔

تحریک انصاف نے مذاکراتی کمیٹی کے سامنے دو مطالبات پیش کردیے اول یہ کہ 9 مئی اور 26 نومبر دھرنے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور دوم یہ کہ عمران خان سمیت تمام قید پارٹی کارکنان کو رہا کیا جائے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ عمر ایوب نے تفصیل سے اپنا نکتہ نظر پیش کیا، پی ٹی آئی مذکراتی ٹیم نے عمران خان رہنماؤں اور کارکنوں کے رہائی کا مطالبہ کیا، عمران خان نے مذکرات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، چارٹر آف ڈیمانڈ پی ٹی آئی کی جانب سے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

قبل ازیں اسد قیصر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ مذاکرات کا پراسس طویل ہوتا ہے دو ملاقاتوں میں کچھ نہیں ہوتا، ہم حکومت کی سنیں گے اور اپنی بات بھی کریں گے۔

صحافی نے پوچھا کہ کیا آج بانی چیئرمین کا پیغام بھی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین کا ایک ہی پیغام ہے کہ ہمارے دو مطالبات ہیں جنہیں تسلیم کیا جائے۔

مذاکرات سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی جس میں رانا ثنا اللہ بھی موجود تھے۔

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں میٹنگ کی جس میں سلمان اکرم راجا نے رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کا احوال بتایا۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام کمیٹی ممبران تک پہنچایا اور کہا کہ حکومت کے سامنے دو مطالبات سامنے رکھے جائیں، نو مئی 26 نومبر واقعات کی تحقیقات کےلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اسیر پی ٹی آئی رہنماؤں اور ورکرز کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے۔

صحافی نے عمر ایوب سے پوچھا کہ کیا اپنے مطالبات تحریری طورپر دے رہے ہیں؟ اس پر عمر ایوب نے کہا کہ مشاورت کرکے بتادیں گے۔ صحافی نے پھر پوچھا کہ کیا اصلی مذاکرات کہیں اور ہورہے ہیں اس پر عمر ایوب نے کہا کہ ہم تو اس ایوان کے ارکان ہیں ہم تو یہیں مذاکرات کررہے ہیں۔




Source link

Exit mobile version