ہندوستان میں کرکٹ شیدائیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ نئے سال میں ان کے لیے تفریح کے کئی مواقع میسر ہونے والے ہیں۔ 2024 میں ہندوستانی مینس ٹیم ٹی-20 عالمی کپ کی چمپئن بنی تھی، اور اب 2025 میں سبھی کی نظریں چمپئنز ٹرافی پر مرکوز ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلا جا رہا ہے، لیکن ہندوستان کے سبھی میچ دبئی (یو اے ای) میں کھیلے جائیں گے۔ 19 فروری سے 9 مارچ تک چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم ’فیوریٹ‘ مانی جا رہی ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ یک روزہ عالمی کپ میں بغیر کوئی میچ ہارے فائنل میں پہنچنے والی ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا سے ہار گئی تھی۔ اب روہت بریگیڈ کی کوشش ہوگی کہ وہ چمپئنز ٹرافی جیت کر اپنی جھولی میں مزید ایک آئی سی سی ٹرافی کرے۔