نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کیجریوال کو ان کے دوہرے رویہ پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ دراصل کیجریوال نے مندروں کے پجاریوں اور گرودوارے کے گرنتھیوں کے لیے ’پجاری گرنتھی سمّان یوجنا‘ کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ہر ماہ 18000 روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔ دیویندر یادو نے کہا کہ کیجریوال کا یہ قدم انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔ ایک طرف جہاں عآپ حکومت دہلی کے رجسٹرڈ مسجدوں کے 150 اماموں و 58 مؤذنوں اور غیر رجسٹرڈ مسجدوں کے 2000 سے زائد اماموں و مؤذنوں کو گزشتہ 17 ماہ سے تنخواہ دینے میں ناکام رہی ہے، وہیں دوسری جانب پجاریوں اور گرنتھیوں کے لیے نئی نئی اسکیمیں لا رہے ہیں۔ کیجریوال نے آج ثابت کر دیا ہے کہ اقلیتی طبقہ کے استحصال کے معاملے میں وہ بی جے پی سے کم نہیں ہے۔ بے روزگاری اور مہنگائی سے پریشان عوام پر خاموشی اختیار کرنے والے کیجریوال بذات خود کناٹ پلیس کے ہنومان مندر کے پجاری کا رجٹریشن کرانے جاتے ہیں۔ کیجریوال اب پوری طرح بی جے پی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مذہب کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔