نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کی قیادت میں آج صدر جمہوریہ کے نام ریجنل ڈسٹرکٹ آفیسرز کو ڈیمانڈ لیٹر پیش کیا گیا ہے۔ اس خط میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سبھی 14 ضلع کانگریس کمیٹی کے صدور اور عہدیداران موجود تھے۔ واضح ہو کہ امت شاہ نے آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے حوالے سے توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔ کانگریس پارٹی پہلے ہی دن سے امت شاہ کے اس تبصرہ کا ملکی سطح پر مخالفت کرتے ہوئے مظاہرہ کر رہی ہے۔ مخالفت اور مظاہرے کے اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے دہلی کے سبھی ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے اسمبلی حلقوں اور بلاکس میں آج ’ڈاکٹر امبیڈکر سمّان مارچ‘ نکالا گیا۔ مارچ میں شامل مظاہرین نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی تصویر، پوسٹر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ ساتھ ہی امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک سے معافی مانگنے جیسے نعرے بھی لگائے جا رہے تھے۔