ایک ہی اولمپک میں 2 میڈل جیتنے والی پہلی ہندوستانی اتھلیٹ منو بھاکر کا نام ’کھیل رتن‘ ایوراڈ کی جاری فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس خبر کے پھیلنے کے پھیلتے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر طرح طرح کے تبصرے کیے جا رہے ہیں اور معاملہ کافی طول پکڑ گیا ہے۔ دراصل 23 دسمبر 2024 کو کھیل رتن ایوارڈ کی فہرست جاری کی گئی، جس میں ہندوستان کی شوٹنگ اسٹار منو بھاکر کا نام شامل نہیں ہے۔ اس بارے میں جب وزارت کھیل کے افسران سے دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا ہے کہ منو بھاکر نے کھیل رتن کے لیے درخواست نہیں دی تھی۔ حالانکہ منو کے والد نے وزارت کھیل کے دعوے کو سرے سے خارج کرتے ہوئے کہا کہ ’’منو نے درخواست دی تھی لیکن کمیٹی کی جانب سے اس کا کوئی جواب نہیں آیا۔‘‘ اس معاملہ میں اب منو بھاکر نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کھیل رتن ایوارڈ کی فہرست میں نام نہ ہونے سے مجھے تکلیف ہوئی ہے۔‘‘