دہلی کے کئی علاقوں میں ایک بار پھر آبی بحران کا مسئلہ پیدا ہونے والا ہے۔ جمنا میں آلودگی کی وجہ سے وزیر آباد واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں پیداوار متاثر ہونے کی وجہ سے 30 سے زیادہ علاقوں میں پانی کی سپلائی میں دقت ہو سکتی ہے۔ دہلی جل بورڈ نے کہا ہے کہ جب تک امونیا کی بڑھی ہوئی سطح کم نہیں ہو جاتی، تب تک لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دہلی جل بورڈ کی طرف سے ہفتہ کو جانکاری دی گئی کہ وزیر آباد پانڈ پر جمنا میں امونیا کی سطح 5 پی پی ایم سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اس وجہ سے وزیر آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ میں پیداوار میں 25 سے 50 فیصد تک کی کمی آ گئی ہے۔ اس لیے جب تک حالات میں بہتری نہیں ہوتی، تب تک پانی کم دباؤ پر دستیاب ہوگا۔