Site icon اردو

ٹک ٹاک سے کمانا چاہتے ہیں تو یہ بات جان لیں!


ٹک ٹاک وہ سوشل میڈیا ایپ ہے جو حالیہ برسوں میں بہت تیزی سے مقبول ہوئی ہے اور نوجوان اس سے پیسے بھی کما رہے ہیں۔

اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2021 میں ایک ارب تک پہنچ گئی تھی اور متعدد نوجوان اس کی بدولت اسٹار بن گئے ہیں۔

مگر ضروری نہیں کہ آپ کو ٹک ٹاک سے کمانے کے لیے لاکھوں فالوورز کی ضرورت ہو۔

درحقیقت کم فالوورز والے اکاؤنٹ بھی ٹک ٹاک سے پیسے کما سکتے ہیں۔

ٹک ٹاک سے پیسے کیسے کمائیں اور کتنے فالوورز ہونا ضروری ہیں؟

ٹک ٹاک کی جانب سے اس حوالے سے کئی پروگرامز کی پیشکش کی جا رہی ہے جیسے کریٹیر ریورڈز پروگرام، سبسکرپشن، ویڈیو گفٹ اور دیگر۔

ہر پروگرام کے لیے فالوورز اور ویڈیوز کی تعداد مختلف ہے۔

کریٹیر ریورڈز پروگرام : ٹک ٹاک نے پرانے کریٹیر فنڈ کو ختم کرکے 2024 میں باضابطہ طور پر نیا کریٹیر ریورڈز پروگرام متعارف کرایا ہے۔

یہ کریٹیر پروگرام فی الحال صرف امریکا، برطانیہ، جرمنی، جاپان، جنوبی کوریا، فرانس اور برازیل میں دستیاب ہے، یعنی پاکستانی صارفین ابھی اس کا حصہ نہیں بن سکتے۔

اس میں شمولیت کے لیے صارف کی کم از کم عمر 18 سال ہونا ضروری ہے جبکہ 10 ہزار فالوورز اور گزشتہ 30 دن کے دوران کم از کم ایک لاکھ ویڈیو ویوز جیسی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

سبسکرپشن : پہلے یہ پروگرام لائیو سبسکرپشن کے نام سے صرف ٹک ٹاک پر لائیو اسٹریم کرنے والے صارفین کو دستیاب تھا۔

مگر ستمبر 2024 سے سبسکریشن کے ذریعے پیسے کمانے کا موقع 18 سال یا اس سے زائد عمر کے ہر صارف (پاکستان میں بھی) کو دستیاب ہے، مگر چند شرائط عائد کی گئی ہیں۔

ایسے صارفین کے فالوورز کی تعداد کم از کم 10 ہزار ہونا ضروری ہوگی جبکہ ایک سال کے دوران ویڈیو ویوز ایک لاکھ ہونے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔

ویڈیو گفٹ : ٹک ٹاک سے کمائی کا یہ فیچر پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کو دستیاب ہے۔

اگر آپ اپنی ویڈیوز کو دیکھنے والے افراد سے گفٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے کم از کم عمر 18 سال (جنوبی کوریا میں 19 سال) جبکہ کم از کم 10 ہزار فالوورز کی ضرورت ہوگی۔

اسی طرح آپ کا اکاؤنٹ کم از کم 30 دن پرانا ہونا ضروری ہوگا جبکہ گزشتہ 30 میں کم از کم ایک پبلک ویڈیو کو پوسٹ بھی کرنا ضروری ہے۔

ایفیکٹ ہاؤس کریٹیر ریورڈز : یہ پروگرام ابھی امریکا، فرانس، برطانیہ، اٹلی اور جرمنی سمیت متعدد ممالک میں دستیاب ہے مگر ان میں پاکستان شامل نہیں۔

اس میں شمولیت کے لیے کم از کم عمر 18 سال ہونا ضروری ہے جبکہ ہر ایفیکٹ کے ایک لاکھ ویڈیوز میں استعمال ہونے پر صارف کو پیسے ملیں گے۔

ٹک ٹاک کریٹیو چیلنج : یہ بنیادی طور پر ویڈیو اشتہارات پر مبنی پروگرام ہے جس میں صارفین مختلف برانڈز سے شراکت داری کرسکتے ہیں۔

اس میں شمولیت کے لیے کم از کم عمر 18 سال اور 50 ہزار فالوورز جیسی شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔

ٹک ٹاک لائیو سے آمدنی : یہ فیچر بھی پاکستان سمیت تمام ممالک میں صارفین کو دستیاب ہے۔

اس کے لیے کم از کم عمر 18 سال، کم از کم فالوورز 10 ہزار جبکہ گزشتہ 30 دن کے اندر ایک لاکھ منفرد ویڈیوز ویوز جیسی شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔

ٹک ٹاک سیریز پروگرام : سیریز کے لیے اہل قرار پانے والے صارفین اپنی ویڈیوز کو ایک البم میں رکھ کر ان تک رسائی پیسوں کے عوض فراہم کرتے ہیں۔

اس پروگرام کا حصہ پاکستانی صارفین بھی بن سکتے ہیں۔

اس پروگرام میں شمولیت کے لیے صارف کی کم از کم عمر 18 سال ہونا ضروری ہوگی۔

اسی طرح 10 ہزار فالوورز اور کم از کم 30 دن پرانا اکاؤنٹ ہونا ضروری ہوگا۔

اہل صارف نے گزشتہ 30 دن میں کم از کم 3 پبلک ویڈیوز پوسٹ کی ہوں جن کے ویوز ایک ہزار یا اس سے زائد ہوں۔

اس کا تمام ویڈیو مواد اوریجنل ہونا ضروری ہوگا۔




Source link

Exit mobile version