نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی کو دلتوں کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے اپنا انتخابی نشان ’جھاڑو‘ دلتوں کے فلاح و بہبود کے لیے نہیں بلکہ ان کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے رکھا ہے۔ 11 سال قبل جب عآپ دہلی میں اقتدار میں آئی تھی اس وقت دلتوں نے بھی ان کو ایک طرفہ ووٹ کیا تھا۔ آج جب عآپ کی 11 سالہ دور حکومت کو دیکھا جائے تو کیجریوال اور اس کی حکومت نے تمام طبقوں کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ ناانصافی دلتوں کے ساتھ کی ہے۔ آج کیجریوال دلت طلباء کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے لیے بھیجنے کا خواب دکھا رہے ہیں۔ حالانکہ اس عآپ کی حکومت میں بے شمار دلت طلباء کو پیسے اور وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم کو بیچ میں ہی چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اگر کیجریوال کی مدت کار پر نظر ڈالی جائے تو 2014 کے بعد ایس سی/ایس ٹی طلباء کو ملنے والے اسکالرشپ کو تقریباً ختم کر دیا گیا ہے۔