Site icon اردو

کانگریس نے امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے مہم تیز کرنے کا کیا اعلان، 22 سے 24 دسمبر تک خوب رہے گی سرگرمی


کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ اور سینئر لیڈران 22 اور 23 دسمبر کو ملک کے الگ الگ شہروں میں پریس کانفرنس کریں گے اور 24 دسمبر کو ہر ضلع میں ’امبیڈکر سمّان مارچ‘ نکالا جائے گا۔

" class="qt-image"/>

کے سی وینوگوپال

"/>

کے سی وینوگوپال

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے لیے پارلیمنٹ میں ڈاکٹر امبیڈکر سے متعلق متنازعہ بیان دینا بھاری پڑ گیا ہے۔ کانگریس لگاتار ان سے معافی کا مطالبہ کر رہی ہے اور وزارتی عہدہ سے استعفیٰ بھی مانگ رہی ہے۔ اس کے لیے کانگریس نے اپنی مہم کو مزید تیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کانگریس نے ہفتہ کے روز کہا کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی بے عزتی ناقابل برداشت ہے اور اب سڑک پر اتر کر امت شاہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ کانگریس نے آئندہ ہفتہ کو ’امبیڈکر سمّان ہفتہ‘ کی شکل میں منانے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں 22 سے 24 دسمبر تک کی سرگرمی سے متعلق جانکاری بھی کانگریس نے دے دی ہے۔

کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ اور سینئر لیڈران 22 اور 23 دسمبر کو ملک کے الگ الگ شہروں میں پریس کانفرنس کریں گے۔ اس پریس کانفرنس میں امت شاہ کے ذریعہ کی گئی ڈاکٹر امبیڈکر کی بے عزتی کا حوالہ دیتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ 24 دسمبر کو ہر ضلع میں ’امبیڈکر سمّان مارچ‘ نکالا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں، کانگریس بیلگاوی میں آئندہ ہفتہ مجوزہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں بھی ڈاکٹر امبیڈکر کے اصولوں کے تئیں اپنے عزائم دہرائے گی۔

کے سی وینوگوپال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفیٰ کی مانگ کو لے کر ہماری تحریک جاری رہے گی۔ ہم منوسمرتی کی پوجا کرنے والوں کے خلاف ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی وراثت کی حفاظت کے لیے لڑیں گے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’کانگریس آئندہ ہفتہ کو ڈاکٹر امبیڈکر سمّان ہفتہ کی شکل میں منائے گی۔ سبھی کانگریس اراکین پارلیمنٹ، سینئر لیڈران اور سی ڈبلیو سی اراکین 23-22 دسمبر کو ملک بھر میں اپنے انتخابی حلقوں اور ضلع ہیڈکوارٹرس میں پریس کانفرنس کو خطاب کریں گے۔‘‘

کے سی وینوگوپال نے اس پوسٹ میں یہ بھی جانکاری دی کہ ’’24 دسمبر کو پورے ملک میں ہم بابا صاحب امبیڈکر سمّان مارچ نکالیں گے اور امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹرس کے ذریعہ سے صدر جمہوریہ کو عرضداشت سونپیں گے۔ سبھی کانگریس کارکنان بابا صاحب کے مجسمہ پر مالا چڑھائیں گے، مارچ کی پہلی صف میں ان کی (باباصاحب کی) بڑی تصویر رکھیں گے اور اپنے اہم مطالبات کے ساتھ بڑی بڑی تختیاں لے کر چلیں گے۔‘‘ آگے کے منصوبوں کے بارے میں تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے لکھا کہ ’’27-26 دسمبر کو ہم بیلگاوی میں ایک وسیع کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس اور ایک میگا ریلی منعقد کریں گے جہاں ہم ڈاکٹر امبیڈکر اور ان کے اصولوں کے تئیں اپنے عزائم کو دہرائیں گے۔‘‘

کانگریس کے میڈیا ڈپارٹمنٹ چیف پون کھیڑا نے بھی پارٹی کی اس مہم سے متعلق اہم جانکاری دی۔ انھوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’ہمارے سبھی اراکین پارلیمنٹ اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اراکین 22 اور 23 دسمبر کو 150 شہروں میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ ان میں آئین پر حملے کو اجاگر کیا جائے گا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ ’’ہم وزیر داخلہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔






Source link

Share this:

Exit mobile version