ہریانہ کے جیند ضلع میں جولانا اسمبلی حلقہ سے کانگریس کی رکن اسمبلی ونیش پھوگاٹ نے اپنے خلاف سوشل میڈیا پر وائرل کیے گئے ’لاپتہ رکن اسمبلی کی تلاش‘ والے پوسٹر پر جواب دے کر انھیں خاموش کر دیا ہے۔
کانگریس رکن اسمبلی ونیش پھوگاٹ نے جمعہ کے روز جیند میں اپنے دفتر پر لوگوں کے مسائل سنے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ جولانا کو ترقی کے معامے میں پیچھے نہین رہنے دیا جائے گا۔ ساتھ ہی انھوں نے ’لاپتہ رکن اسمبلی کی تلاش‘ عنوان سے وائرل پوسٹر پر کہا کہ ’’میں جولانا میں ہی ہوں، زندہ ہوں اور کہیں گمشدہ نہیں ہوں۔ میں اپنوں کے بیچ رہی ہوں اور اپنوں کے بیچ ہی رہوں گی۔ ایک مہینے میں کوئی گمشدہ نہیں ہو جاتا۔‘‘ اس جواب کے ساتھ ونیش پھوگاٹ نے اپنے مخالفین کو خاموش کر دیا ہے۔
دراصل گزشتہ ہفتہ کانگریس رکن اسمبلی ونیش پھوگاٹ کی گمشدگی کا پوسٹر سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ مخالفین اس پوسٹر پر طنز بھی کس رہے تھے۔ گمشدہ رکن اسمبلی والا پوسٹر وائرل کرنے کے معاملے میں ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ ’’یہ لوگوں کی گندی ذہنیت ہے۔ میں گمشدہ نہیں ہوں اور زندہ ہوں۔ رکن اسمبلی بنے ابھی ایک مہینہ ہی تو ہوا ہے۔ میں تو لگاتار لوگوں کے بیچ بھی جا رہی ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ ونیش پھوگاٹ نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) میں بے ضابطگی اور فیڈریشن کے سابق چیف و سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی استحصال کا الزام لگانے والی خاتون پہلوانوں کے مظاہرے کی قیادت کی تھی۔ انھوں نے خاتون پہلوانوں کے معاملے میں مودی حکومت کی خاموشی پر لگاتار سوال اٹھائے ہیں۔ کانگریس نے ہریانہ اسمبلی انتخاب میں پھوگاٹ کو جولانا اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ دیا تھا، جہاں سے انھوں نے شاندار جیت درج کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔