دنیا کی سب سے طویل مسافر بردار پروازکا آغاز

دنیا کی سب سے طویل دورانیے کی فلائٹ جمعرات کے روز سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی جو 19 گھنٹوں کی مسلسل پرواز کے بعد جمعے کے روز نیویارک کے لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ رہی ہے۔
اس دوران سنگاپور ایئر لائنز کا طیارہ ایئر بس اے 350 تقریباً ساڑھے 15 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ کرے گا۔

دنیا کی سب سے طویل دورانیے کی پرواز کے لیے سنگاپور ایئر لائنز 900 یوایل آر قسم کا طیارہ استعمال کر رہی ہے۔ دو انجن کے اس طیارے کی خصوصیت ایندھن کی بچت اور طویل پرواز کی صلاحیت ہے۔

اس سے قبل سن 2013 میں بھی سنگاپور ایئر لائنز نے اسی روٹ پر نان اسٹاپ پرواز شروع کی تھی لیکن تیل کی اونچی قیمتوں اور زیادہ ایندھن استعمال کرنے والے چار انجنوں کے جہاز کی وجہ سے وہ تجربہ کامیاب نہیں رہا اور پروازیں بند کرنا پڑیں۔

طویل مسلسل پرواز پر جانے والے طیارے میں کوئی اکانومی کلاس نہیں ہے۔ اس کی بجائے 67 بزنس کلاس اور 94 اکانومی پلس کی نشستیں رکھی گئی ہیں تاکہ مسافر طویل دورانیے کا سفر آرام اور سہولت کے ساتھ طے کر سکیں۔

طویل پروازوں کے لیے منتخب کیے جانے والے طیارے میں مسافروں کے آرام، صحت اور سہولت کا خصوصي خیال رکھا گیا ہے، جس میں مصفا ہوا، نمی کا تناسب، کیبن کے اندر ہوا کا دباؤ اور مسافروں کی سہولت کے مطابق روشنی کی فراہمی شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں