کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی ہلاک

کراچی میں سابق رکنِ قومی اسمبلی اور متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سابق رہنما سید علی رضا عابدی نامعلوم افراد کے ایک حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

منگل کی شب مقامی پولیس کے اہلکار ایس ایچ او گرزی اسد منگی نے بتایا کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے خیابانِ غازی کے قریب علی رضا عابدی کے گھر کے باہر ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انھیں کئی گولیاں لگیں اور انھیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال پی این ایس شفا لے جایا گیا۔

ایس ایس سی ساؤتھ پیر محمد شاہ کے مطابق علی رضا عابدی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے جب وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ انویسٹیگیشن طارق دھاریجو نے بتایا ہے کہ اِس واقعے کی کڑیاں کراچی میں دہشت گردی کے خالیہ واقعات سے جڑی نظر آتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے آس پاس کے گھروں میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو حاصل کرنا شروع کردی ہے جس کی مدد سے ملزمان کی شناخت ہو سکے گی۔

مقامی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق رکن اسمبلی علی رضا عابدی کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

علی رضا عابدی کی نماز جنازہ بدھ کو کراچی ڈی ایچ فیز فور میں امام بارگاہ یثرب میں ادا کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں