انتخاب برائے آلات فوٹوگرافی تحریر محمد اظہر حفیظ

فوٹوگرافی شروع کرتے وقت اپنے بجٹ کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ھے۔ دنیا کا سب سے اچھا کیمرہ وھی ھے جو آپ کے پاس ھے۔ اگر آپ فوٹوگرافی میں نئے ھیں تو پہلے بنیادی کیمرہ خریدیں جو کم خرچ ھو اور ساتھ ایک لینز ھو۔ باقی پیسے محفوظ رکھیں۔ جب آپ کو خود سمجھ بوجھ آجائے تو اپنی ضرورت کے مطابق آلات کو شامل کریں نہ کہ لوگوں کی ضرورت کے مطابق۔ مشورہ کرنا اچھی بات ھے لیکن اسی سے مشورہ کریں جو کہ آپ کی مطلوبہ فیلڈ میں فوٹوگرافی کرتے ھوں ورنہ آپ وہ سامان خرید بیٹھیں گے جس کی آپ کو کبھی ضرورت نہیں ھوگی۔ اگر آپ شادی بیاہ کی فوٹوگرافی کرنا چاھتے ھیں تو ایسے ھی فوٹوگرافرز سے مشورہ کیجئے یا دیکھئے وہ کونسے لینز استعمال کرتے ھیں ۔ آپ اس میں فنکشن کی تصاویر بنانا چاھتے ھیں یا پھر فوٹو شوٹس میں مہارت حاصل کرنا چاھتے ھیں اس کے مطابق آپ کو مختلف لینزز چاھیئے ھوں گے۔ اگر آپ شوٹس میں مہارت حاصل کرنا چاھتے ھیں تو اپنے بجٹ کے مطابق 85 ایم ایم سے لیکر 200 ایم ایم تک فکس لینز خریدیں اور اگر فنکشن کی تصاویر بنانا چاھتے ھیں تو 24-70 ایم ایم اور 70-200 ایم ایم کے فکس اپرچر کے لینز کو اھمیت دیں اگر بڑے اپرچر کے لینز مل جائیں تو رزلٹ بہت بہتر ھو جائے گا اور شارپنیس بھی بڑھ جائے گی۔ فلیش کی بجائے سٹوڈیو لائٹس کو ترجیح دیں کیونکہ انکی روشنی زیادہ پھیلاو میں ھونے کی وجہ سے بہتر طور پر سافٹ ھوتی ھے۔ اگر بجٹ کم ھو تو کم پاور والی لائٹس خرید لیں جوکہ دو لائٹس تقریبا بیس ھزار کے لگ بھگ مل جاتی ھیں اور بہتر بجٹ کی چارج ایبل لائٹس تقریبا ایک لاکھ تک مل جاتی ھیں باقی جتنے پیسے لگاتے جائیں سہولتیں بڑھتی چلی جاتی ھیں۔ کوشش کریں جو بھی سامان خریدیں مکمل تحقیق کے بعدایک دفعہ پراپر خریدیں اس سے آپ کا پیسہ اور وقت دونوں بچیں گے۔دوکان پر فیصلہ کرکے جائیں کہ آپ کی ضرورت کیا ھے اور بجٹ کیا ھے کسی لالچ میں مت آئیں یہ لینز سستا مل رھا ھے تو لے لیں ھرگز نہیں جس چیز کی ضرورت ھے اس کے علاوہ کچھ نہ دیکھیں ۔ جب بھی اپنا سامان اپ ڈیٹ کریں پرانے کو فورا بیچ دیں ورنہ وقت کے ساتھ ساتھ اس کی قیمت بلکل کم ھو جائے گی۔ فری اسائنمنٹ ضرور کریں اگر آپ کو سامان فری میں ملا ھے تو۔ ورنہ اپنی تمام سروسز کا چارج کریں ۔ دنیا میں فری کچھ نہیں ھے۔ اگر آپ لینڈ سکیپ فوٹوگرافر بننا چاھتے ھیں تو اپنی ضرورت کی مطابق 14-24 ایم ایم یا 24-70ایم ایم کے لینز کا انتخاب کریں یا پھر فکس لینز 20 ایم ایم پر اکتفا کریں ۔ اگر آپ پرندوں اور جنگلی حیات کی فوٹوگرافی کرنا چاھتے ھیں تو بہتر ھے 600 ایم ایم فکس کی طرف جائیں لیکن اگر بجٹ کم ھے تو 150-600ایم ایم یا 200-500 ایم ایم کے لینز استعمال کریں ھمیشہ اپنے بجٹ کو مدنظر رکھیں۔ اگر آپ کم روشنی میں کام کرتے ھیں تو پھر فل فریم کیمرے کو ترجیح دیں جو کہ کراپ سینسر کیمرے سے مہنگا ھوتا ھے۔
آپ کوشش کریں کہ لینز سب کے سب فل فریم والے خریدیں تاکہ آنے والے وقتوں میں آپ ڈی ایکس کیمرے سے ایف ایکس کیمرے پر جائیں تو نقصان کم سے کم ھو ورنہ کیمرہ باڈی کے ساتھ سب لینز بھی بدلنے پڑھ جائیں گے۔
کیمرہ یا اس سے متعلقہ سامان خریدتے وقت کسی بھی ایسے فوٹوگرافر سے ھرگز مشورہ نہ کریں جو فوٹوگرافی میں آپکی فیلڈ کا نہ ھو ۔ اگر آپ مائیکرو فوٹوگرافی کی طرف جانا چاھتے ھیں تو مائیکرو لینز، ایکسٹینشن ٹیوبز، مائیکرو کیلئے لینز کے آگے لگنے والی فلیش لائٹ یا پھر ایل ای ڈی لائٹ ضرور لے لیں کیونکہ جب آپ سبجیکٹ کے نزدیک جاتے ھیں تو وھاں روشنی کی ضرورت پڑتی ھے۔ اگر آپ انٹیریر اور آرکیٹیکچر کی فوٹوگرافی کرنا چاھتے ھیں تو کوشش کیجئے 12-24 ایم ایم یاپھر 14-24 ایم ایم کا انتخاب فل فریم کیمرے کے ساتھ کیجئے۔ اگرآپ پروڈکٹ فوٹوگرافی کرنا چاھتے ھیں تو مائیکرو لینز آپ کو کافی مدد گار ثابت ھونگے اگر سکیل بڑا ھے تو پھر 50 ایم ایم اور 35 ایم ایم کافی کارآمد ثابت ھو سکتے ھیں۔ اگر آپ سٹریٹ فوٹوگرافی کے شوقین ھیں تو 35 ایم ایم،85 ایم ایم ،135 ایم ایم کے فکس لینز آپکی کافی مدد کریں گے ورنہ 70-200ایم ایم بھی کافی کارگر لینز ھے۔ اگر آپ کے پاس اپنی ضرورت کی ایک کیمرہ باڈی اور ایک لینز ھے تو آپ کافی خوش قسمت فوٹو گرافر ھیں ۔ اگر سب لینز ھیں تو آپ نے اپنی زندگی کو مشکل میں ڈال لیا ھےبار بار لینز بدلنا اس عمل میں بھی کئی تصاویر ضائع ھوجاتی ھیں اور ڈسٹ علحیدہ سے اپکے کیمرے کے سینسر کو نشانہ بناتی ھے بہت زیادہ پیسے ھوں تو دو کیمرہ پر دو اپنی ضرورت کے لینز لگا لیں اور اپنے آپکو جنت میں محسوس کریں۔
جب کیمرہ اسٹینڈ خریدنے کی بات آئے تو دیکھیں آپکے کیمرے کا وزن کتنا ھے اور اس کے مطابق اسٹینڈ کا ھیڈ اور ٹانگیں خریدیں۔ بلکہ تھوڑی زیادہ طاقتور خرید لیں تاکہ بار بار بدلنا نہ پڑے۔ میگا پکسل اور ٹیکنالوجی کی جنگ کا شکار ھونے سے بچیں۔ جب تک آپکا پہلا کیمرہ اور لینز اپنی قیمت پوری نہ کر دیں دوسرا خریدنے یا بدلنے کا مت سوچیں۔ میموری کارڈ ایک سے زیادہ خریدیں ھائی سپیڈ خریدیں اور کسی دوسرے سے شیئر مت کریں۔ اچھی کوالٹی کے خریدیں۔ کیمرہ بیٹری ھمیشہ ایک سے زیادہ خریدیں اور ھمیشہ چارج رکھیں۔ کیمرہ بیگ خریدتے وقت دیکھیں کیا یہ آپکے کیمرے کو تمام موسموں سے محفوظ رکھ سکے گا۔ اور ضرورت سے تھوڑا بڑا بیگ خریدیں تاکہ کچھ بھی نیا خریدنے پر ساتھ بیگ بھی نیا نہ لینا پڑ جائے۔ احتیاط سے خریدئیے سوچ سمجھ کر خریدئیے ایک دفعہ خریدئیے۔ اپنے بجٹ کے مطابق خریدئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں