فوٹوگرافی تحریر محمد اظہر حفیظ

فوٹوگرافی کا شوق اور پروفیشن ایک مہنگا شوق ھے اور لوگوں کی فرمائشیں اس سے بھی مہنگی۔
یہ ایک ایسا نشہ ھے جو نہ چھوڑا جا سکتا ھے اور نہ ھی جاری رکھا جا سکتا ھے۔
اسلام علیکم اظہر بھائی وعلیکم سلام آپ کے گھر کا ایڈریس کیا ھے جی میسج کرتا ھوں خیریت ھے جی آپکے بھتیجے کی شادی ھے ماشااللہ مبارک ھو شادی کا کارڈ بھیجنا تھا جی بہت شکریہ یاد رکھنے کا ۔ ضرور اس خوشی میں حاضر ھوں گا۔ تینوں دن آنا ھے جی انشاءاللہ ولیمہ پر آسکوں گا تینوں دن آنا مشکل ھوگا۔ اس کا مطلب ھے آپ ھماری خوشیوں میں خوش نہیں ھیں ۔ جی کوشش کروں گا۔ کنفرم کریں جناب۔ جی بہتر۔ اظہر بھائی آتے ھوئے اپنا فوٹوگرافی کا سامان بھی رکھ لیجئے گا ۔ جی وہ کس لئے۔ ھماری خوش قسمتی ھوگی کہ آپ فنکشن کی تصویریں بنائیں فارغ بیٹھ کر بور ھو جائیں گے۔ جی سوری میں فنکشن کی فوٹوگرافی نہیں کرتا نہ کبھی کی ھے۔ چلیں کوئی بات نہیں ھم یہی سمجھیں گے آپ کو خوشی نہیں ھوئی۔ جی بہتر الحمدللہ بھتیجے کے اب بچے جوان ھو رھے ھیں لیکن شادی کا کارڈ ڈاکیا ابھی تک دے کر نہیں گیا۔ اللہ کی اسی میں کوئی بہتری ھوگی۔

فوٹوگرافی کی نمائش 1990 میں پہلی کی کچھ خاص مزا نہیں آیا تجربہ بھی نہیں تھا فریم کیسے ھوں سائز کیسے ھوں۔ پھر سترہ سال انتظار کے بعد دوسری نمائش 2007 میں کی اور اسی طرح آخری نمائش جو کہ غالبا میری چھٹی نمائش تھی دسمبر 2015 میں کی اس کے بعد دفتر کے کچھ دوستوں کو اچھا نہیں لگا اور میری نمائش اور میڈیا انٹرویوز پر پابندی لگ گئی میں کام کرتا رھا اور پابندی برقرار رھی پھر بہت کوششوں کے بعد نمائش کرنے کی اجازت مل گئی لیکن میڈیا سے بات کرنے پر پابندی برقرار ھے ۔ میرا دل بھی نمائش کرنے سے بھر گیا اس سال سوچا کراچی لاھور اور اسلام آباد میں فوٹوگرافی کی نمائشیں کی جائیں لیکن کوئی حوصلہ افزاء جواب نہیں تھا تصاویر کی سیل نہیں ھوتی جی بہتر۔ آپ کینوس پر پرنٹ کروا لیں جی بہتر ۔ اصل تصاویر بھیج دیں پرنٹ کرکے چیک کرتے ھیں جی اچھا۔ ابھی بہت مصروف ھیں ملنے کا وقت نہیں جی اچھا۔ قیمت کیا رکھیں گے۔ جی مل کر طے کر لیں گے۔ اگلے سال کی بھی بکنگ مکمل ھے وقت نہیں ھے۔ جی بہتر۔
میں پیار شرطوں پر نہ کر سکا یہ تو تصویری نمائش تھی آج یہ فیصلہ بھی کر لیا اب نمائش نہیں کرنی۔
سوچتا ھوں تصویریں شیئر کرنی بھی بند کردوں ۔ اور شاید بنانی بھی وقت اور پیسے کے ضیاع کے علاوہ کچھ نہیں اوپر سے روز نئے کیمرے لینز جان لینے کو آئے ھوئے ھیں۔ تصاویر کا بہترین استعمال تحفہ دینے کے علاوہ کچھ نہیں۔ سوچتا ھوں کیمرے کا سارا سامان بیچ کر ان سب پیسوں کی تصاویر پرنٹ کروائی جائیں اور فریم کروائی جائیں اور پھر باقی زندگی دنیا کو تحفہ دی جائیں ۔ اس طرح اس عشق سے جان چھڑائی جائے۔
کچھ ایسے بے شرم انسان بھی ھیں جن کے فون آنا شروع ھوجائیں گے استاد جی سامان بیچیں مت ھمیں گفٹ کر دیں ۔ بھائی فوٹوگرافی کا سامان خریدنا پڑتا ھے گفٹ نہیں ھوتا نہ کبھی کسی نے کیا۔ تھک گیا ھوں بہت دفعہ زندگی کی بہت سی چیزوں پر فوٹوگرافی کو فوقیت دی بہت زیادتی کی اپنے ساتھ اپنے بیوی بچوں ساتھ والدین کے ساتھ بہن بھائی کے ساتھ ۔ کتنی نمازیں قضا کردیں اس عشق کو عبادت سمجھتا رھا اور تصویر کا وقت نہ گزر جائے اور نماز کا وقت گزر گیا۔ زندگی بھی خراب کی اور آخرت بھی ۔ چند ھزار اچھی تصویریں ھیں میرے پاس پر زندگی کے 29 سالوں کے بدلے سودا مہنگا ھے۔ جو میری آج تک کی زندگی کا 60 فیصد سے زیادہ ھے۔ فوٹوگرافی کوئی ھنر نہیں ھے بس ایک سائینس ھے جو تین سے چار گھنٹوں میں توجہ سے سیکھی جا سکتی ھے۔ میں کسی پریشانی کا شکار نہیں ھوں بہت اطمینان کے ساتھ لکھ رھا ھوں شاید کچھ لوگ اس موذی مرض سے بچ سکیں۔ کئی ھزار لوگوں کی ٹریننگ کی کچھ نے استاد مانا کچھ نے انسٹریکٹر اور کچھ نے پاگل۔ میری جب عشق کرنے کی عمر تھی وہ بھی میں نے فوٹوگرافی کرتے گزار دی سارا پاکستان دیکھا الحمدللہ پر اب میں دوبارہ دیکھوں گا بغیر کیمرے کے صرف اپنے لئے زندگی کا مزا لوں گا اور کسی کو نہیں دکھاوں گا کہ میں نے کیا دیکھا۔ میں نے تو اپنے خواب بھی سب کو دکھا دیئے۔ مجھے آج بھی یاد ھے میرے ایک دوست کہنے لگے یہ نا سمجھنا کہ تم بڑے فوٹوگرافر ھو تو اس لیئے میں تمھارا دوست ھوں بلکہ تم بہت خیال رکھنے والے دوست ھو اس لئے ھم دوست ھیں سوچا اب دوستوں کا صرف خیال رکھا جائے اور جیا جائے۔
بہت سی گیلریز موجود ھیں جو نمائش کرنا چاھتی ھیں پر اب نہیں کرنی۔ میری ایک شاگرد کا بہت دلچسپ فون ایا سر آپکی کچھ تصاویر چاھیئں جی بہتر بھیج دیں سر آپ بہت سینئر ھیں ھمارے لئے بہت اعزاز کی بات ھے کہ آپ کی چار تصاویر اس نمائش میں لگیں گی بہت شکریہ سر میں اپنا اکاونٹ نمبر بھیج رھی ھوں دس ھزار روپے آن لائن بھیج دیں انکے پرنٹ اور فریم کروانے ھیں جی بہتر اور بھیج دیئے۔ الحمدللہ بہت اچھا شو تھا۔ ھمارے دوست کا فون آیا اظہر بھائی جاپان میں شو ھے کچھ تصاویر بھجوادیں جی بھجوا دیں اور مختلف ناموں کے کریڈٹ کے ساتھ تصاویر کا شو ھوا اور اگلی دفعہ معافی مانگ لی ابھی ایک اسی طرح کا شو کینیڈا میں بھی تھا فون آیا آپ کا نام ساتھ لکھیں گے معذرت کرلی اب نام نہیں چاھیئے ۔ بہت ھوگیا نام ۔
کام کرتے ھیں پھر پیسوں کیلیے ان کے پیچھے پیچھے جو پہلے ھماری تعریفیں کرتے نہیں تھکتے تھے ۔ اب یہ سب نہیں ھوتا۔ کچھ کتابیں چھاپنی تھی گورنمنٹ آف پاکستان نے جو ممکن تھا مدد کی ذلت اور رسوائی کے علاوہ کچھ ھاتھ نہ آیا۔ پہلی اور آخری دفعہ اس عشق سے توبہ۔ نہ فوٹوگرافی نہ فوٹوگرافی کی باتیں سب جھوٹ ھے۔ اللہ نے بہت عزت دی اس کام میں بس اتنی کافی ھے۔ مزید کی ضرورت نہیں۔ اللہ کا بھی شکریہ جس نے اتنا فضل کیا۔ فیملی کا بھی شکریہ جس نے اتنی قربانی دی۔ دوستوں کا بھی شکریہ جنھوں نے ساتھ دیا۔ سید آصف حسین زیدی کا بھی شکریہ جو میرے فوٹوگرافی کے اصل استاد ھیں اور شدید بیمار ھیں انکی صحت کیلئے دعا کی درخواست ھے۔ جن لوگوں نے اس سلسلے میں میری دل آزاری کی ان کیلئے عام معافی جن کے دل میری وجہ سے دکھے ان سے میں معافی کاطلبگار ھوں۔ ایک درخواست ھےتصاویر خریدنی سیکھیں اور جس سے تصاویر بنوائیں اسکی ادائیگی ضرور کریں ۔ شکریہ

اپنا تبصرہ بھیجیں