پاک افغان سرحد 22 روزبعد کھول دی گئی

چمن: پاک افغان سرحد جزبہ خیر سگالی کے تحت 22 روز بعد کھول دی گئی تاہم کلی لقمان اور کلی جہانگیرمیں سیکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی جانب سے چمن بارڈر پر باب دوستی کھول دیا گیا۔ باب دوستی افغان حکام کی درخواست پر رمضان المبارک میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کھولا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چمن واقعے پر پاکستان نے افغان بارڈر پولیس کو پیچھے دھکیلتے ہوئے اپنے علاقے پر موثر کنٹرول کیا جب کہ منقسم دیہات کی پاکستانی حصے میں مردم شماری مکمل کرلی گئی۔
آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیزفائر برقرار رہے گا اور کوئی سرحدی خلاف ورزی قابل قبول نہیں ہوگی جب کہ پاکستانی دستے انٹرنیشنل سرحد پرکلی لقمان اور کلی جہانگیرمیں پاکستانی جانب تعینات رہیں گے۔
دوسری جانب باب دوستی کھلنے کے بعد ایف آئی کا امیگریشن اور کسٹم آپریشن سمیت دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت بحال ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ افغان بارڈرفورسزکی جانب سے پاکستان میں مردم شماری ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا جب کہ فائرنگ اور گولہ باری سے ایف سی اہلکاروں سمیت 11 پاکستانی شہید جب کہ 46 افراد زخمی ہوئے تھے

اپنا تبصرہ بھیجیں