نہال ہاشمی نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا


اسلام آباد: غیر ذمہ دارانہ بیان پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
نیوز کے مطابق سینیٹر نہال ہاشمی نے غیر ذمہ درانہ بیان پر اپنی سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ نہال ہاشمی نے اپنا استعفیٰ چیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کو جمع کرایا جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر ذمہ داریاں پوری نہیں کرسکتا لہذا میں فوری اپنی سینیٹ رکنیت سے مستعفیٰ ہوتا ہوں۔
اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نے سینیٹر نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں وزیراعظم ہاؤس طلب کیا اور غیر ذمہ دارانہ بیان کی وضاحت مانگی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے پارٹی پالیسی اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نہال ہاشمی کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی نہال ہاشمی کی تقریر کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے انہیں کل ذاتی حیثیت میں سپریم کورٹ میں طلب کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں