فرانس نے انتہائی کمزوراوردبلی پتلی ماڈلز پر پابندی لگا دی

پیرس: فرانس نے انتہائی کمزور اور دبلی پتلی ماڈلز پر پابندی لگادی جس کے بعد اب کمزور ماڈلز ریمپ پر واک نہیں کرسکیں گی اور قانون پر عملدرآمد نہ کرنے والی ماڈلز کو جرمانہ اور قید کی سزا بھی ہوگی۔

France Just Banned Ultra-Thin Models

فرانس کی وزارت صحت کے مطابق خواتین کے کھانا کم کھانے کی عادت سے نمٹنے کے لئے انتہائی کمزور ماڈلز کے ریمپ پر جلوہ گر ہونے پر پابندی لگادی گئی ہے جب کہ نئے قانون کے تحت ماڈلز کو ماڈلنگ سے پہلے ڈاکٹروں کا تصدیق نامہ (باڈی ماس انڈیکس ) جمع کرانا پڑے گا جس میں خاتون کا وزن، قد اور جسمانی صحت کے بارے میں معلومات درج ہوں گی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ماڈلنگ کی ملازمت حاصل کرنے والی ایسی خواتین جو انتہائی کمزور ہیں اور وہ ملازمت حاصل کرلیتی ہیں تو ایسی خواتین کو 75 ہزار یورو اور 6 ماہ کی جیل کی سزا ہوگی۔ فرانس کے وزیر صحت اور سماجی امور میریسل ٹورین کا کہنا ہے کہ نوجوان لڑکیاں وزن کم کرنے اور خوبصورت دکھائی دینے کے لئے کھانا پینا چھوڑ دیتی ہیں اور خاص طور پر ماڈلنگ انڈسٹری میں لڑکیاں کمزور دکھنے کے لئے کھانا نہیں کھاتیں اور لڑکیوں کی ایک بڑی تعداد اس کا شکار ہے جس کی روک تھام کے لئے سخت قانون نافذ کیا گیا ہے۔
فرانس میں 30 سے 40 ہزار افراد کم کھانے کی وجہ سے مختلف مسائل کا شکار ہیں جس میں 90 فیصد تعداد خواتین کی ہے جب کہ فرانس ماڈلز کے کم کھانے کے حوالے سے قانون سازی کرنے والا پہلا ملک نہیں اس کے علاوہ اٹلی، اسپین اور اسرائیل بھی ماڈلز کے کھانا کھانے سے متعلق قانونی سازی کرچکے ہیں