کلثوم نواز کی میت جاتی امرا پہنچا دی گئی، تدفین آج ہوگی

کلثوم نواز کی میت کے ساتھ لندن میں مقیم ان کے دونوں بیٹے حسن نواز اور حسین نواز پاکستان نہیں آئے ہیں۔

لاہور —
پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت لاہور پہنچادی گئی ہے جہاں جمعے کی شام جاتی امرا میں ان کی تدفین کی جائے گی۔

بیگم کلثوم نواز کی میت جمعے کی صبح پاکستان ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے لندن سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچائی گئی۔

حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور خاندان کے دیگر افراد نے ایئرپورٹ پر میت وصول کی جس کے بعد اسے ایمبولینس کے ذریعے جاتی امرا میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے سامنے واقع شریف میڈیکل سٹی منتقل کردیا گیا۔

سابق خاتونِ اول بیگم کلثوم نواز کی میت لینے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لندن پہنچے تھے جو جمعے کو میت کے ہمراہ لاہور آئے۔

تاہم کلثوم نواز کی میت کے ساتھ لندن میں مقیم ان کے دونوں بیٹے حسن نواز اور حسین نواز پاکستان نہیں آئے ہیں۔

میت کے ہمراہ شہباز شریف کے علاوہ حسن اور حسین نواز کے اہلِ خانہ، سابق وزیرِ خزانہ اور نواز شریف کے سمدھی اسحاق ڈار کے اہل خانہ، سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری اور مسلم لیگ (ن) کے کئی رہنما بھی لاہور پہنچے۔

کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ آج شام پاکستانی وقت کے مطابق پانچ بجے جاتی امرا میں شریف میڈیکل سٹی کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں جاتی امرا میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نمازِ جنازہ عالمِ دین مولانا طارق جمیل پڑھائیں گے۔

جمعرات کو میت کی لاہور روانگی سے قبل لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سینٹر میں بھی کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی تھی جس میں ان کے دونوں بیٹوں اور شہباز شریف کے علاوہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی تھی۔

بیگم کلثوم نواز گزشتہ ایک سال سے لندن میں کینسر کے مرض کے باعث زیرِ علاج تھیں جہاں منگل کو ایک نجی اسپتال میں ان کا انتقال ہوگیا تھا۔

کلثوم نواز کے انتقال کی اطلاع ملنے کے بعد پاکستان کی حکومت نے اڈیالیہ جیل میں قید ان کے شوہر نواز شریف، صاحب زادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو 12 گھنٹے کے پرول پر رہا کردیا تھا جس میں بعد ازاں توسیع کردی گئی تھی۔

فیس بک فور

اپنا تبصرہ بھیجیں