بوم بوم آفریدی کا بھتیجا یوگنڈا کرکٹ کا ابھرتا ہوا ستارہ

واشنگٹن —
پاکستان کے معروف سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنی دھواں دار بیٹنگ اور انتہائی مؤثر سپن بالنگ کے ذریعے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔ اُن کے فین اُنہیں بوم بوم آفریدی کے نام سے پکارتے رہے۔ اب اُن کا ایک بھتیجا محمد عرفان آفریدی کی دنیائے کرکٹ میں اپنے چچا کے انداز میں آل راؤنڈر کے طور پر جگہ بنا رہا ہے۔

محمد عرفان آفریدی یوگینڈا کی شہریت حاصل کرنے کے بعد یوگینڈا کی قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔ اُنہوں نے اپنی زور دار اور تیز رفتار بیٹنگ کے باعث شہرت حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔
عرفان آفریدی نے گزشتہ برس ڈبلیو سی ایل ڈویژن تھری کے ایک میچ میں یوگینڈا کی طرف سے کھیلتے ہوئے 71 گیندوں پر 108 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی جس میں 10 چھکے بھی شامل تھے۔ اُن کی اس اننگ کے باعث یوگینڈا کی کرکٹ ٹیم ملیشیا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئی۔ اس سال کے شروع میں اُنہوں نے ڈویژن فور کیلئے یوگینڈا کی طرف سے کھیلتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر 51 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

بیٹنگ کے علاوہ بالنگ میں بھی اُنہوں نے شاہد آفریدی کے سٹائل میں بالنگ کراتے ہوئے متعدد بار اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

عرفان آفریدی کی خواہش ہے کہ وہ اپنے چچا کی طرح ورلڈ کپ کھیل سکیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے کراچی میں رہتے ہوئے صرف ٹینس بال سے کرکٹ کھیلی اور کبھی بھی کرکٹ کے مخصوص بال کے ساتھ نہیں کھیلا۔ بعد میں وہ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سول میں ایک کمپنی کیلئے بجلی کی وائرنگ کا کام کرتے رہے اور یوں 24 سے 28 کی عمر میں اُنہوں نے کسی بھی قسم کی کرکٹ نہیں کھیلی۔

بعد میں جب بوم بوم آفریدی کے بھائی مشتاق نے یوگینڈا کے شہر کمپالا میں کاروبار شروع کیا تو اُنہوں نے اپنے بھتیجے عرفان کو بھی وہاں بلا لیا۔ عرفان وہاں گاڑیوں کی درآمد اور برآمد کے کاروبار میں اپنے چچا کا ہاتھ بٹانے لگا۔ تاہم، یوگینڈا میں اُنہوں نے ایک مقامی کلب میں کرکٹ کھیلنا شروع کر دی جہاں اُن کی ملاقات یوگینڈا کے سابق معروف تیز بالر اساڈو سیگا سے ہوئی جس نے کھیل بہتر بنانے کیلئے اُن کی حوصلہ افزائی کی۔

اُنہوں نے ڈبلیو سی ایل ڈویژن فور کیلئے یوگینڈا کی ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے ٹورنمنٹ میں 15 وکٹیں حاصل کیں اور یوں یوگینڈا کی ٹیم اس ٹورنمنٹ کی چیمین ٹیم بن گئی۔

یوگینڈا کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان راجر موکاسا کا کہنا ہے کہ ٹیم کیلئے عرفان کی کارکردگی نہایت اہم ہے اور وہ بہت محنت کر رہا ہے۔ موکاسا نے کہا کہ وہ نہ صرف بہترین بالنگ کر رہا ہے، بلکہ اپنے چچا کی طرح دھواں دار بیٹنگ بھی کرتا ہے۔

عرفان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی تربیت میں اُس کے چچا شاہد آفریدی کا براہ راست کوئی ہاتھ نہیں ہے اور اُس نے شاہد آفریدی کی ویڈیوز دیکھ کر اُن کا سٹائل اپنایا اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنایا۔

عرفان کا کہنا ہے کہ اب شاہد آفریدی جانتے ہیں کہ وہ یوگینڈا میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ عرفان نے بتایا کہ جب ایک میچ میں اُنہوں نے 17 گیندوں پر 51 رنز بنائے تو شاہد آفریدی نے اُنہیں ٹیکسٹ بھیج کر اُن کے کھیل کی تعریف کی۔

یوگینڈا کی قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو دیکھنے والوں کا خیال ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کرکٹ کی دنیا میں ایک اور بوم بوم آفریدی کا ڈنکا بجنے لگے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں