عید الفطر اور ہمارے پکوان: ڈاکٹر ثمر زہرا

خواتین سہ روزہ عید کے لیے طرح طرح کے پکوان تیار کرتی ہیں۔ بچوں اور بڑوں کی پسند میں تفاوت اکثر اُلجھن کا باعث بنتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عید کے موقع پر بھی خاتون خانہ کا سارا دن باورچی خانے کی نظر ہوتا ہے۔ اِسی بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے میں نے ایسا مینیو پیش کرنے کا سوچا ہے جو بچوں اور بڑوں میں یکساں پسند کیا جائے گا۔
شیر خرما اور سویاں اِس عید کی سوغات ہیں جو بلاتفریق ہر گھر میں بنتی ہیں۔ اِس کے ساتھ کچھ مزید لوازمات بھی پیش کیے جاتے ہیں جب گھر کے مرد حضرات نماز پڑھ کر پلٹتے ہیں تو ایک ماہ کی مدت کے بعد روزہ نہ ہونے کے سبب گھروں میں شیرخورما لازمی کھایا جاتا ہے۔ یہ تو وہ روایتی کھانے ہیں جو کہ تقریباً ہر گھر میں ہی دسترخوان کی زینت بنتے ہیں، لیکن میں لارہی ہوں آپ کے لئے کچھ منفرد اور کچھ نئی ڈشز جو عید کے روز آپ کے دسترخوان کا مزہ دوبالا کردیں گی۔ اُمید ہے یہ تراکیب آپ کے تمام اہل خانہ کو بے حد پسند آئیں گی۔
جی تو جن پکوان کے بارے میں، میں زکر کررہی ہوں وہ ہیں پوٹیٹو کروکوئیٹس (Potato Croquettes) اور چکن اینڈ ویجیٹیبل پائی (Chicken and Vegetable Pie)
پوٹیٹو کروکوئیٹس بنانے کی ترکیب

5 بڑے سائز کےآلو لیں، جن کو اچھی طرح دھولیں اور چھلکا اتار کر ابالیں۔ جب پوری طرح سے آلو گل جائیں تو اچھی طرح میش کریں، پھر اِس میں حسبِ ذائقہ نمک، کالی مرچ روز میری اور اوریگانو ڈالیں۔
3 ڈبل روٹی کے سلائس لیں اور انہیں چوپر میں ڈال کر بریڈ کرمز بنالیں یا اگر چاہیں تو بازار سے کسی بھی برینڈ کے بریڈ کرمز خرید بھی سکتے ہیں۔ اِن بریڈ کرمز کو آلوؤں میں شامل کریں اور مکس کرلیں۔ اب اِن کے درمیانے سائز کے گول گول بالز بنائیں اور ایک انڈے میں نمک ڈال کر پھینٹ لیں جس میں بالز ڈپ کریں اور بریڈ کرمز کا کوٹ کریں۔ اِس عمل کو ایک بار مزید دہرائیں یعنی آپ ڈبل کوٹ کریں گے۔ 20 منٹ تک فریج میں رکھیں اور پھر تیل گرم کرکے گولڈن براؤن فرائی کرلیں۔
چکن اینڈ ویجیٹیبل پائی بنانے کی ترکیب

ایک نان اسٹک برتن میں آئل گرم کریں۔ پھر چکن قیمہ میں ادرک لہسن پیسٹ، نمک، لال مرچ اور کالی مرچ شامل کریں اور جب قیمہ گل جائے تو باریک کٹی شملہ مرچ اور گاجر شامل کریں اور تھوڑی دیر پکائیں۔ خیال رہے کہ سبزیاں پانی نہ چھوڑیں اور کرنچی رہیں۔
اب دو سموسے کی پٹیاں لیں اور جمع (+) کی علامت کی طرح ایک دوسرے پر رکھیں۔ درمیان میں قیمے کا آمیزہ رکھیں اور میدے اور پانی کے محلول کی مدد سے اِسے بند کریں۔
گرم تیل میں فرائی کرلیں، چکن ویجیٹیبل پائی تیار ہے۔
اِن سب لوازمات کو سویوں یا شیرخورما کے ساتھ پیش کریں۔ چکن ویجیٹیبل پائی آپ پہلے سے بنا کر فریز بھی کرسکتے ہیں اور حسبِ ضرورت فرائی کرسکتے ہیں۔
اب آتے ہیں دوپہر کے کھانے کی طرف۔ اِس کا مینیو بھی بڑوں اور بچوں یعنی دونوں کی پسند کے مطابق ترتیب دے رہی ہوں۔ چکن ملائی بوٹی، چکن دمپخت کباب کڑاہی ود ایگ فرائیڈ رائیس اینڈ فرینچ فرائیز۔
چکن ملائی بوٹی بنانے کی ترکیب

1 کلو بغیر ہڈی کےچکن لیں۔ اِس میں حسبِ ذائقہ ادرک لہسن پیسٹ، نمک، کالی مرچ، گرم مسالہ پاؤڈر، دھنیا پاؤڈر، کٹی ہوئی لال مرچ، 1 پاؤ دہی، 3 ٹیبل اسپون کریم اور دھنیا اور ہری مرچ کا پسا ہوا پیسٹ شامل اور رات بھر کے لیے میرینیٹ کرکے فریج میں رکھ دیں۔
اب ایک نان اسٹک فرائی پین میں 3 ٹیبل اسپون تیل ڈالیں اور یہ چکن شامل کریں اور دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ جب گوشت گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو کوئلہ سلگا کر اُس کا دم دیں۔
کوئلہ کا دم دینا
ایک دھاتی کٹوری میں ایک کوئلہ سلگا کر رکھیں اور اُس کٹوری کو چکن ملائی بوٹی کے درمیان رکھ کر اِس پر تھوڑا سا آئل ڈالیں اور ساتھ ہی ڈھک دیں۔ کچھ دیر بعد کوئلے کی کٹوری نکال لیں چکن ملائی بوٹی تیار ہے۔
چکن دم پخت کباب کڑاہی بنانے کی ترکیب

1 کلو چکن قیمہ لیں۔ اُس میں نمک، لال مرچ، 4 عدد چوپ کی ہوئی پیاز شامل کریں تاکہ کباب نرم رہیں۔ اُس کے بعد دھنیا پاؤڈر شامل کریں اور پھر لمبے لمبے کباب بنائیں اور فرائی کرلیں۔
اب ایک پتیلے میں تیل گرم کریں جس میں ادرک لہسن پیسٹ شامل کریں اور ہم وزن ٹماٹر اور پیاز کو بلینڈ کرکے شامل کرلیں۔ حسبِ ذائقہ نمک لال مرچ اور دھنیا پاؤڈر شامل کریں۔ جب اچھی طرح سے بھون لیں تو کباب شامل کریں اور ایک دو منٹ کے لیے پکائیں اور چولہے سے اتار لیں۔ اِس کو بھی اوپر بتائے گئے طریقے کے مطابق کوئلے کا دم دیں، اور ڈش تیار ہے۔
اِس روایتی سالن کو میری والدہ ہمیشہ سے چائینیز ایگ فرائیڈ رائس اور کرسپی فرائیڈ فرینچ فرائیز کے ساتھ سرو کرتی ہیں، جوکہ ہماری تمام فیملی میں مشہور ہے۔
ایگ فرائیڈ رائیس بنانے کی ترکیب

سب سے پہلے تیل گرم کریں اور اِس میں باریک کٹی ہوئی شملہ مرچ، گاجر بند گوبھی اور تھوڑی مقدار میں ہری پیاز شامل کریں۔ نمک، کالی مرچ، دکنی مرچ، ہری مرچیں اور سویا ساس حسبِ ذائقہ شامل کریں اور خیال رہے کہ سبزیاں تازہ رہیں اور پانی نہ چھوڑیں تاکہ ذائقہ و غذائیت دونوں برقرار رہیں۔ اب آخر میں اِس میں انڈے پھینٹ کر شامل کریں اور پکائیں۔ جب تیار ہوجائے تو الگ پتیلے میں اُبالے گئے آدھا کلو چاول (جس میں ایک کنی چھوڑی گئی ہو) کی تہہ لگا کر دم دیں۔
ساتھ ساتھ فرنچ فرائیز بھی فرائی کرلیں۔ یوں دوپہر کا شاندار کھانا تیار ہے۔
سوئیٹ ڈش کے بغیر لنچ اور ڈنر ادھورے رہتے ہیں۔ شیر خورما روایتی میٹھا ہے، لہذا اِس کے علاوہ بھی بچوں کی پسند کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کوکیز اینڈ کریم ایک لذیذ ڈیزرٹ ہے۔
یہ بنانے کے لیے دو کریم کے پیکٹس لیں اُسے اچھی طرح سے پھینٹیں تاکہ گاڑھی ہوجائے۔ اب اِس میں ایک چھوٹا ٹن کنڈیینسڈ ملک شامل کریں۔ پانچ اوریو (oreo biscuits) کے چھوٹے والے پیکٹس کرش کرکے شامل کریں اور اچھی طرح ملانے کے بعد رات بھر کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ پھر دوپہر کھانے کے بعد پیش کریں اور پورے گھر کی عید کا مزہ دوبالا کردیں۔
اُمید ہے یہ تمام ڈشز آپ قارئین کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔ تحریر کے اختتام پر ایک درخواست یہ ہے کہ جب اپنے گھر میں شاندار پکوان بنائیں تو اپنے نوکروں اور پڑوسیوں کو بھی یاد رکھیے گا۔ رمضان ہمیں بھوکوں کی بھوک کا احساس دلاتا ہے تو عید اِس احساس کے عملاً اظہار کا بہترین موقع ہے۔ میری دعا ہے کہ آپ سب کی عید خوش و خرم گزرے اور پُرمسرت دنوں کا پیغام لائے۔ تمام مسلمانوں کو میری طرف سے پیشگی عید مبارک۔ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں