شوبز کی دنیا میں اسلام قبول کرنے والی معروف شخصیات

آئرش گلوکارہ شنیڈ او کونر نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 اپنے گیت ‘نتھنگ کمپیئرز ٹو یو’ سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والی فنکارہ شنید اوکونر کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنا نام تبدیل کر کے ‘شہدا’ رکھ لیا ہے۔

ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں انھوں نے حوصلہ افزائی پر اپنے ساتھی مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا ہے اور اذان دیتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔


جمعرات کو آئرش امام شیخ ڈاکٹر عمر القادری نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں گلوکارہ نے اسلام قبول کرنے کے بارے میں بتایا تھا۔

ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ شنیڈ او کونر نے مذہب کے بارے میں کھل کر بات کی ہو۔ گذشتہ سال انھوں نے قانونی طور پر اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے مگڈا ڈیوٹ رکھ لیا تھا۔
سنہ 1992 میں ایک امریکی ٹی وی چینل پر براہ راست نشر ہونے والے پروگرام میں پوپ کی تصویر پھاڑنے پر وہ تنازع کا شکار رہ چکی ہیں۔

اس کے سات سال بعد وہ نے فرانس کے شہر لورڈز میں چرچ کی پادری بن گئی تھیں۔ کیتھولک چرچ خواتین کے پادری بننے کی اجازت نہیں دیتا اور اس تقریب کی توثیق نہیں کی گی تھی۔
فن کی دنیا سے تعلق رکھنے والی شنید اوکونر اسلام قبول کرنے والی پہلی فرد نہیں ہیں، ان سے پہلے بھی شوبز کی دنیا کے کئی نامور فنکار اسلام قبول کر چکے ہیں، جن میں چند نام پیش ہیں۔

کیٹ سٹیونز / یوسف اسلام

معروف برطانوی گلوکار کیٹ سٹیونز نے دسمبر 1977 میں اسلام قبول کیا اور سنہ 1978 میں باضابطہ طور پر اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے یوسف اسلام رکھ لیا تھا۔

سنہ 1979 میں انھوں نے اپنے فلاحی کاموں کے چندہ اکٹھا کرنے کے لیے اپنے تمام گٹار فروخت کر دیے اور موسیقی سے دور ہوگئے۔

تاہم سنہ 2006 میں ان کی پاپ موسیقی میں دوبارہ واپسی ہوئی اور 28 سال کے بعد ان کا پہلا البم ‘این ادر کپ’ ریلیز ہوا تھا۔

کرسٹین بیکر

کرسٹین بیکر

جرمن ٹی وی میزبان کرسٹین بیکر کا شمار اسلام قبول کرنے والی معروف جرمن شخصیات میں ہوتا ہے۔ سنہ 1992 میں ان کی ملاقات عمران خان سے ہوئی جنھوں نے انھیں اسلام سے متعارف کروایا۔ اس دوران انھوں نے پاکستان کا بھی دورہ کیا اور تین سال غور و فکر اور مطالعے کے بعد سنہ 1995 میں باقاعدہ اسلام قبول کیا۔

لورین بوتھ

لورین بوتھ برطانوی براڈکاسٹر، صحافی اور انسانی حقوق کی کارکن ہیں۔ وہ سابق برطانوی وزیراعظم کی اہلیہ شیری بلیئر کی سوتیلی بہن ہیں۔

انھوں نے سنہ 2010 میں ایک مسلمان سہیل احمد سے شادی کے بعد اسلام قبول کیا تھا۔

اکتوبر 2010 میں وہ اسلام چینل کے عالمی امن اور اتحاد کی تقریب میں حجاب پہن کر آئی تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں بطور رپورٹر ان کے تجربات نے ان کے شعور کو جگایا۔

ڈیو شیپیل

ڈیو شیپیل

امریکی کامیڈین، اداکار، مصنف اور پروڈیوسر ڈیو شیپیل نے سنہ 1998 میں اسلام قبول کیا تھا۔

انھوں نے سنہ 2005 میں ٹائم میگزین کو بتایا تھا کہ ‘میں عام طور اپنے مذہب کے بارے میں عوام میں بات نہیں کرتا کیونکہ میں نہیں چاہتا کہ مجھے یا میری غلطیوں کو اس خوبصورتی کے ساتھ جوڑیں۔ اور میرے خیال میں یہ خوبصورت ہے اگر آپ صحیح انداز میں سیکھتے ہیں تو۔’

اے آر رحمان

اے آر رحمان کا شمار انڈیا کے کامیاب ترین موسیقاروں میں ہوتا ہے، ان کا جنم ایک ہندو گھرانے میں ہوا تھا اورانھوں نے 20 کے پیٹے کے اوائل میں‌ اسلام قبول کر لیا تھا۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انھوں نے اپنا اے ایس دلیپ کمار سے اللہ رکھا رحمان رکھ لیا تھا تاہم انھیں اے آر رحمان سے جانا جاتا ہے۔

شکریہ بی بی سی اردو

اپنا تبصرہ بھیجیں