بچوں کے لئے الگ ٹی وی چینل کھولا جائے گا

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سرکاری ٹیلی ویژن کے نیٹ ورک میں دو نئے چینلز کا اضافہ ہونے جا رہا ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے’ ہم نے پی ٹی وی کے دو نئے چینل لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘


——————————
ٹوئٹ کے مطابق ’ایک چینل اسپورٹس کا ہو گا جس پر کرکٹ کے علاوہ دیگر اسپورٹس دکھائی جائیں گی۔ موجودہ پی ٹی وی اسپورٹس صرف کرکٹ کے لئے وقف کیا جائے گا جس کا نام ’پی ٹی وی کرکٹ ‘ہو گا۔‘

دوسرے چینل کے حوالے سے انہوں نے ٹوئٹر میں لکھا ہے کہ ’سولہ سال سے کم عمر بچوں کے لئے الگ چینل کھولا جائے گا۔ علیحدہ چینل وقت کا تقاضا ہے۔ اس سلسلے میں دی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔‘

وفاقی وزیر نے اس سے قبل بھی ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ ’آئندہ تین مہینے میں وزارت اطلاعات میں تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں گی۔‘

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو کسی حکومت کی ذاتی ملکیت کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا بلکہ ان اداروں سے پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری نیوز ایجنسی،پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو برطانوی نشریاتی ادارے کی طرز پر آزاد بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں