پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطے میں امن کی علامت ہے، وزیراعظم نواز شریف


اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطے میں امن کی علامت ہے اور ہمارے ایٹمی طاقت بننے کی وجہ سے خطے کے چھوٹے ممالک نے سکھ کا سانس لیا۔
یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اللہ کے بھروسے اورعوام کی تائید پر چیلنجز کو قبول کیا اور 19 سال پہلے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم ایٹمی قوت بننے میں کردار ادا کرنے والی تمام شخصیات کی شکر گزار ہے، قومیں عزم و استقلال اور وژن کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں اور دور اندیش قیادت سے ملک زینہ بزینہ ترقی کی منازل طے کرتے ہیں جب کہ غیر سنجیدہ اور بصیرت سے عاری قیادت سے مستقبل خدشات میں گھر جاتا ہے۔
زیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں کسی قوم کا دفاع معاشی استحکام سے جدا نہیں اور آج اسی جذبے سے معیشت کو بھی مضبوط اور مستحکم بنایا جا رہا ہے، اللہ تعالیٰ کی نصرت سے معاشی ترقی کا سفر بھی تیزی سے جاری ہے، ایٹمی دھماکوں کی طرح پاکستان اب معاشی دھماکے بھی کرے گا اور یوم تکبیر کی طرح قوم معاشی طور پر ایشین ٹائیگر بننے کے لئے بھی یکسو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا پاکستان کی مثبت اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کر رہی ہے جب کہ سی پیک سے خطے میں خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز ہو گا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام نے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن پیدا کیا اور پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے خطے کے چھوٹے ملکوں نے سکھ کا سانس لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطے میں امن کی علامت ہے جب کہ پاکستان کا معاشی استحکام بھی علاقے میں خوش حالی کا ضامن ہے، ترقی کے سفر میں جنوبی ایشیا اور خطے کے دیگرملکوں کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ سب مل کرخطے کے عوام کو خوش حال بنائیں، انصاف اور معاشی ترقی خطے میں امن کی ضمانت بن سکتے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں