Site icon اردو

بابراعظم کا ٹی20 میں پاکستان کیلئے ایک اور ریکارڈ



BRISBANE, AUSTRALIA:

پاکستانی کرکٹ کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم نے ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کے لیے ایک اور ریکارڈ بنایا جبکہ قومی ٹیم بارش سے متاثرہ میچ میں آسٹریلیا سے شکست کھا گئی۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹی20 میچز کھیلنے کا ریکارڈ بنایا۔

بابراعظم سے قبل یہ ریکارڈ سابق کپتان شعیب ملک کے پاس تھا، جنہوں نے 123 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بابراعظم 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پاکستان کے لیے ریکارڈ 124 واں میچ یاد گار نہیں بناسکے اور ٹیم بھی 29 رنز کے مارجن سے شکست کھا گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی20؛ آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دیدی

ٹی20 طرز کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے 2016 میں ڈیبیو کرنے والے بابراعظم نے سب سے زیادہ 124 میچز کھیلے، دوسرے نمبر پر شعیب ملک 123، محمد حفیظ 119 اور شاداب خان 104 میچوں کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کی مختصر طرز کرکٹ کے کپتان محمد رضوان اس فہرست میں 103 میچز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں اور سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے 98 میچز کھیلے ہیں۔

مزید پڑھیں: بابراعظم کا ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک اور اعزاز

ٹی20 کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے 40.66 کی اوسط سے سب سے زیادہ 4 ہزار 148 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی بابراعظم کے پاس ہے۔

کپتان محمد رضوان 48.01 کی اوسط سے 3 ہزار 313 رنز کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہیں، محمد حفیظ نے دو ہزار 514 بنائے اور شعیب ملک دو ہزار 423 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔





Source link

Exit mobile version