فوٹو: ایکسپریس ویب

فوٹو: ایکسپریس ویب

  کراچی: پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کی امریکی قونصلیٹ جانے کی کوشش ناکام بنادی۔

حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر کراچی می مذہبی جماعتوں نے نمائش چورنگی تا امریکی قونصل خانے تک ریلی نکالی اور دھرنا بھی دیا۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے کی۔

مظاہرین نمائش چورنگی سے ٹاور اور ایم ٹی خان روڈ پر پہنچے تو امریکی قونصلیٹ جانے والی سڑک کنٹینرز لگاکر بند کردی گئی تھی۔ ریلی کے شرکا نے امریکی قونصل خانہ جانے کے لیے کنٹینرز کو عبور کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج شروع کردیا۔ اس دوران پولیس پر بھی پتھراؤ کیا گیا جس کے باعث علاقہ ایک گھنٹے تک میدان جنگ بنارہا۔

شیلنگ سے کئی لوگوں کی حالت غیر ہوگئی۔ ترجمان ایم ڈبلیو ایم کا کہنا ہے کہ شیلنگ اور لاٹھی چارج سے ریلی کے کئی شرکا زخمی ہوئے اور کئی کو حراست میں بھی لیا گیا۔

پولیس کے مطابق پتھرائو سے ایس ایچ او موچکو سمیت کئی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔ اس جھڑپ کے دوران ایک صحافی بھی زخی ہوا جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

بعد ازاں ریلی کے شرکا نے زیر حراست مظاہرین کی رہائی کے لیے دھرنا دیا اور نماز مغربین بھی وہیں ادا کیا۔ کامیاب مذاکرات کے بعد پولیس نے تمام افراد کو رہا کردیا۔

ریلی میں موجود رہنمائوں نے مظلومین غزہ کی حمایت میں نکالی گئی پرامن ریلی پر پولیس گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصر اللہ مجاہد اسلام اور امت مسلمہ کا فخر تھے۔ ان کی شہادت کے غم میں نکالی گئی ریلی پرپولیس کی شیلنگ شرمناک ہے۔

رہنماؤں نے کہا سندھ حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ وہ مظلومین غزہ کی بجائے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہے۔ پرامن احتجاج پر شیلنگ اور نوجوانوں کی گرفتاریوں کا مقصد یہود ونصاریٰ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔





Source link

By admin