Site icon

پلاسٹک سرجری کے طعنے، عائشہ ٹاکیہ کی انسٹاگرام پر دوبارہ واپسی


عائشہ ٹاکیہ نے سلمان خان، اجے دیوگن، جان ابراہیم سمیت کئی اداکاروں کے ساتھ کام کیا : فوٹو : ویب ڈیسک

 ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار سلمان خان کی فلم ‘وانٹڈ’ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ عائشہ ٹاکیہ نے ٹرولنگ کے بعد اپنا اکاؤنٹ عارضی طور پر بند کرنے کے بعد دوبارہ انسٹاگرام پر واپسی کرلی ہے۔

حال ہی میں عائشہ ٹاکیہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی تصویر پوسٹ کی تھی جس میں اداکارہ کا چہرہ پہچاننا مشکل ہورہا تھا کیونکہ وہ ماضی کی تصاویر سے کافی مختلف نظر آرہی تھیں۔

عائشہ ٹاکیہ کی تصویر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کی گئی تھی، صارفین نے اداکارہ پر متعدد پلاسٹک سرجریز کروانے کا الزام عائد کیا تھا۔

صارفین کا کہنا تھا کہ عائشہ ٹاکیہ نے پلاسٹک سرجریز کروا کے اپنے خوبصورت چہرے کو بدصورت بنا دیا ہے۔

مزید پڑھیں: عائشہ ٹاکیہ کی نئی تصویر پر تنقید، اداکارہ نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا

سوشل میڈیا صارفین کی ٹرولنگ سے تنگ آکر عائشہ ٹاکیہ نے عارضی طور پر اپنا آفیشل انسٹاگرام ہینڈل بند کردیا تھا، انسٹاگرام پر اداکارہ کا نام سرچ کرنے پر آرہا تھا کہ “معذرت، یہ صفحہ دستیاب نہیں ہے”۔

ٹرولنگ کا سامنا کرنے کے بعد، اب عائشہ ٹاکیہ نے ایک بار پھر انسٹاگرام پر واپسی کی ہے، اُنہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ کھول دیا ہے۔

عائشہ ٹاکیہ نے اپنی نئی ویڈیو کے ساتھ انسٹاگرام پر واپسی کی ہے جس کے کیپشن میں اُنہوں نے خود کو بہت ذہین اور بہت ہوشیار قرار دیا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام کی اسٹوری میں ایک پوسٹ بھی شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ کیا آپ نے غور کیا کہ میں نے کیسے جواب نہیں دیا؟، میں نے اپنی ذہانت، پیار اور حوصلے سے کام لیا۔

واضح رہے کہ عائشہ ٹاکیہ نے 2009 میں اپنے قریبی دوست  فرحان اعظمی سے شادی کرلی تھی اور فلمی دنیا سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی تھی تاہم 2013 میں بیٹے کی پیدائش کے بعد سے وہ فلم نگری سے مکمل طور پر دور ہوگئی ہیں۔





Source link

Exit mobile version