3ماہ کی فیس اکٹھی وصول کرنیوالے سکولوں کیخلاف کارروائی ہوگی:رانا مشہود احمد خان

لاہور صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں میں مقررہ شرح سے زائد اضافہ اورگرمیوں کی چھٹیوں کی تین ماہ کی فیسیں اکٹھی وصول کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پرائیویٹ سکولوں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ فیسوں میں اضافہ کی مقررہ حد سے زائد فیس وصولی کی صورت میں سکول انتظامیہ کو متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سے منظوری لینا ہو گی،پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے طالبعلموں کوسکول یونیفارم اور کتابیں سکول کی مقررہ دکان سے خریدنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا اوروالدین اوپن مارکیٹ سے بکس اور سکول یونیفارم خرید سکتے ہیں۔رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد سکول 7اگست کو کھلیں گے اور 14اگست تک سرکاری و نجی سکولوں میں جشن آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔