پی ٹی آئی نے ضمیر فروشوں کو فارغ کردیا، ملک سے نظریاتی سیاست کے خاتمے میں نواز شریف کا کرداریادرکھا جائے گا : عمران خان

سلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف نے ضمیر فروخت کرنے والے بے ضمیر لوگوں کو اپنی پارٹی سے فارغ کردیا۔ چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک سے نظریاتی سیاست کے خاتمے میں نواز شریف کا کردار ہمیشہ یادرکھا جائے گا ، بلدیاتی انتخابات میں پارٹی پالیسی سے روگردانی کرنے والوں کونکال رہے ہیں، آئندہ انتخابات میں نوازشریف کوخریدنے کیلئے کوئی ضمیر میسرنہیں آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں میئر و ڈپٹی میئر کے انتخابات میں متعدد شہروں میں پی ٹی آئی کے منتخب ارکان نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ووٹ دیے جس کے باعث پورے پنجاب سے پی ٹی آئی کو ایک بھی نشست حاصل نہ ہوسکی۔ بڑا جھٹکا لگنے پر عمران خان نے ضمیر فروشوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا اور پارٹی پالیسی سے روگردانی کرنے والوں کو پارٹی سے فارغ کردیا۔
پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی پالیسی سے روگردانی کرنے پر اٹک سے احسن کمبڑیال ، سہیل کمبڑیال اور عاطف کی بنیادی رکنیت معطل کردی جبکہ میانوالی سے مطیع اللہ اور فیصل آباد سے ممتاز چیمہ،حسن مسعود اورذیشان لیاقت کو پارٹی سے نکال دیا ۔ علاوہ ازیں فیصل آباد سے ایاز گجراور مس نصرت شفیق ، نارووال سے طارق انیس اور وکیل منج کو پارٹی سے فارغ کیا گیا ہے۔ پارٹی سے فارغ کیے جانے والے رہنماؤں کو شو کاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک سے نظریاتی سیاست کے خاتمے میں نواز شریف کا کردار ہمیشہ یادرکھا جائے گا، وہ ہمیشہ دھاندلی اور وفاداریاں خرید کر ہی اقتدار تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ نوازشریف نے سیاست میں ضمیرخریدنے جیسی بد ترین رسم متعارف کروائی ، وہ سیاسی اورمعاشرتی اخلاقیات کاجنازہ نکال دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے بد ترین طرز سیاست اور حکومت کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی پالیسی سے روگردانی کرنے والوں کونکال رہے ہیں، آئندہ انتخابات میں نوازشریف کوخریدنے کیلئے کوئی ضمیر میسرنہیں آئے گا۔